Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان امدادی مرکز : گزشتہ ماہ یمن میں 562 افراد کو مصنوعی اعضا کی فراہمی

شاہ سلمان مرکز دنیا بھر میں ضرورت مندوں کی امداد کے لیے سرگرم ہے(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کے پروگرام مصنوعی جسمانی اعضا کے تحت گزشتہ ماہ یمن کی کمشنری عدن میں جسمانی اعضا سے محروم ہونے والے 562 افراد کو مختلف طبی خدمات فراہم کیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت دنیا بھر میں فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
 مرکز کی جانب سے مختلف نوعیت کی فلاحی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پرجاری ہیں جن میں ضرورت مند خاندانوں کو راشن  موسم سرما میں گرم ملبوسات و ضروریات زندگی کی فراہمی کے علاوہ مستحق طلبا کو درسی کتب و ضروری اشیا بھی مہیا کی جاتی ہیں۔
شاہ سلمان مرکز کی دیگر سرگرمیوں میں یمن میں جنگ کے دوران جسمانی اعضا سے محروم ہونے والوں کو مصنوعی اعضا کی فراہمی کا پروگرام بھی شامل ہے جو کافی عرصے سے جاری ہے۔
پروگرام کے تحت گزشتہ ماہ یمن کی کمشنری عدن میں 562 افراد جو اپنے بعض جسمانی اعضا سے محروم ہو گئے تھے کو مصنوعی اعضا فراہم کیے گئے۔
مصنوعی اعضا کی فراہمی کے بعد انکا مستقل بنیادوں پر طبی معائنہ کرنے کا بھی اہتمام کیاجاتا ہے تاکہ انہیں روز مرہ کی زندگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ صحت مندانہ طریقے سے اپنے معمولات میں مصروف رہ سکیں۔

مصنوعی اعضا کے مرکز میں فزیوتھراپی کی سہولت بھی موجود ہے(فوٹو، ایس پی اے)

مصنوعی اعضا کے پروگرام کے تحت مرکز کی جانب سے مصنوعی اعضا کی فراہمی کے علاوہ ضرورت مند مریضوں کو فزیوتھراپی کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے۔
گزشتہ ماہ نومبر 2024 میں  1 ہزار 395 افراد کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کی گئیں جن میں 66 فیصد مرد جبکہ 34 فیصد خواتین شامل تھیں۔

شیئر: