Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو سالہ بچے کا ماں کے موبائل سے ہزاروں ڈالر کا آن لائن آرڈر

دو سالہ بچے نے ماں کے موبائل سے کھیلتے ہوئے آرڈر دے دیا جس کے بعد ایک ہفتے تک گھر سامان آتا رہا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ریاست نیوجرسی میں خاتون اس وقت حیران رہ گئیں جب دو ہزار ڈالر کا سامان آن لائن خریداری کے نتیجے میں ان کے دروازے پر پہنچا اور آرڈر ان کے موبائل سے دو سالہ بیٹے نے دیا تھا۔
یو ایس ٹو ڈے نے این بی سی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مدھو کمار نامی خاتون نے فرنیچر کی کچھ اشیا خریدنے کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ چیک کی تاہم کوئی چیز نہیں خریدی۔
مدھو کمار کا کہنا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ شاید آرڈر ان کے شوہر یا دو بڑے بیٹوں میں سے کسی نے دیا ہو، تاہم جب ان سے پوچھا تو انہوں نے لاعلمی ظاہر کی۔
مزید تحقیق پر یہ بات کھل گئی کہ آرڈرز ان کے دو سالہ بیٹے ایانش نے دیے تھے۔
ایانش کے والدین کو یقین ہے جب وہ ماں کے موبائل فون کے ساتھ کھیل رہا تھا تبھی اس نے دو ہزار ڈالر کی اشیا کا آرڈر دے دیا تھا۔
ایانش کے والد پرامود کمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود جا کر سامان کو چیک کیا اور جب ادائیگی کا خانہ دیکھا تو اس کے لیے ادائیگی بھی کی جا چکی تھی۔
دو سالہ بچے کی جانب سے جن اشیا کا آرڈر دیا گیا ان کی آمد کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہا، جس میں کرسیاں، گل دان اور کچھ دوسری چیزیں شامل تھیں، جن کو اب مدھو کمار نے گھر میں سجا رکھا ہے۔
مدھو کمار کہتی ہیں ’وہ بہت چھوٹا ہے، وہ بہت پیارا ہے، ہم اس پر ہنس رہے ہیں کہ اس نے ان تمام چیزوں کا آرڈر دیا۔‘
مدھو کمار کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ جو چیزیں ان کو پسند ہیں وہ رکھ لیں گے جب کہ باقی واپس کر دیں گے۔
ساتھ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ وہ اپنے فون لاک کر کے رکھیں گے۔
انہوں نے این بی سی کو بتایا کہ ’اب ہم سخت پاس کوڈز ڈالیں گے یا پھر چہرے کی شناخت کا آپشن استعمال کریں گے۔‘

شیئر: