پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی
پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی
ہفتہ 29 جنوری 2022 12:36
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز کا ہدف دیا ہے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
سلطانز کے کھلاڑی خوشدل شاہ نے چھکا لگا کر میچ اپنی ٹیم کے حق میں کیا تو ملتان کی ابھی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔
قبل ازیں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 207 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی تو شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے ابتدا میں نسبتا محتاط انداز اپنایا مگر پھر باؤنڈریز کا سلسلہ چل پڑا۔
ملتان سلطانز کے اوپنر شان مسعود نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تو کپتان محمد رضوان نے بھی گیارہویں اوور کی آخری گیند پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
اب سے کچھ دیر قبل تک ملتان سلطانز نے پانچ وکٹیں کھو کر 191 رنز بنائے تھے۔
شان مسعود 50 گیندوں پر 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے تو یہ ملتان سلطانز کا پہلا نقصان تھا۔
دوسری وکٹ کپتان محمد رضوان کی گری جو لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کھونے سے قبل تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
جارحانہ کھیلنے کی کوشش میں ریلی روسو تین گیندوں پر پانچ رنز ہی بنا پائے تھے کہ حارث رؤف نے انہیں بولڈ کر دیا۔
اس کے فورا بعد ٹم ڈیوڈ بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند کو اونچا کھیلنے کی کوشش میں کیچ تھما بیٹھے۔ صہیب مقصود بھی 20 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار ہوئے، ان کا کیچ محمد حفیظ نے تھاما۔
میچ ملتان سلطانز کے حق میں ختم ہوا تو خوشدل شاہ چار گیندوں پر 18 رنز اور ڈیوڈ ولی بغیر کسی سکور کے وکٹ پر موجود تھے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف اور راشد خان کو ایک ایک وکٹ ملی۔
زمان خان، سمیت پٹیل اور ڈیوڈ ویزے کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
سنیچر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ فخرزمان نے 35 گیندوں پر 76 رنز کی جاحانہ اننگز کھیلی جو دو چھکوں اور 11 چوکوں پر مشتمل تھی۔ وہ احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔