Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات نے حوثی میزائل حملہ ناکام بنا دیا

امارات کی وزارت دفاع کے مطابق اس میزائل حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ یہ آبادی سے باہر گرا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
امریکہ نے حوثیوں کی جانب سے پیر کو متحدہ عرب امارات پر داغے گئے بلیسٹک میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اس بارے میں ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’ہم ابوظبی پر حالیہ حوثی میزائل حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیلی صدر خطے میں استحکام کو فروغ دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں جبکہ حوثی اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو خطرہ پہنچا رہے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق یہ میزائل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے پیر کو بتایا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ یو اے ای کے دورے پر تھے۔
متحدہ عرب امارات نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا ایک بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا تھا۔
وام نیوز ایجنسی نے امارات کی وزارت دفاع کا یہ بیان رپورٹ کیا ہے کہ اس میزائل حملے سے کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ یہ آبادی سے باہر گرا۔
بیان میں  کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ائیر فورس اور اتحادی فورسز نے مل کر یمن کے الجوف صوبے میں واقع میزائل لانچنگ سائٹ کو تباہ کر دیا۔
متحد ہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ وہ ’کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے سے تیار‘ ہیں اور  یو اے ای کے ہر قسم کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ اسرائیلی صدر کی یو اے ای آمد کے چند ہی گھنٹوں بعد کیا گیا۔ اس سے قبل 17 جنوری کو حوثی باغیوں نے ابوظبی نیشنل آئل کمپنی  اور فیول ڈپو پر ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہو گئے تھے۔

شیئر: