غیر قانونی مقیم خواتین کو پناہ دینے پر غیرملکی گرفتار
ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں قصیم پولیس نے سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والی 7 خواتین کو پناہ دینے پر ایتھوپین باشندے کو گرفتارکیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق القصیم پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ مملکت میں مقیم ایتھوپیئن شہری نے7 خواتین کو پناہ دی تھی۔
پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ خواتین سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرکے مملکت میں مقیم ہیں۔ انہیں حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔ ایتھوپین کو بھی متعلقہ ادارے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جو شخص بھی سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دراندازی یا اندرون ملک سفر یا رہائش یا کسی اور طرح کا تعاون دے گا اسے 15 برس تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑی اور رہائش کی ضبطگی کے علاوہ تشہیر بھی ہوگی۔