پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک مرتبہ پھر بخار، جسم درد اور سر درد میں استعمال ہونے والی گولی پیناڈول کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی کئی ایک وجوہات سامنے آئی ہیں۔
میڈیکل سٹورز کے مطابق کئی دنوں سے پینا ڈول کا نیا سٹاک ڈیلیور نہیں ہوا جس وجہ سے قلت پیدا ہوئی ہے۔
دوسری جانب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے حکام کا کہنا ہے کہ دوائی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ اس کا نوٹیفکیشن ہونا باقی ہے، اس وجہ سے بھی فروخت کنندگان نے عارضی قلت پیدا کی ہے جس کا تدارک کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کورونا کے علاج کے لیے ’موثر‘ دوا کلوروکوئین پاکستان میں نایابNode ID: 470471
-
قیمتوں میں کمی: ڈاکٹرز ادویات کے نام نہیں فارمولا تجویز کریںNode ID: 558531
-
ڈینگی بخار کے سر اٹھاتے ہی لاہور میں پیناڈول کی گولی نایابNode ID: 608166
میڈیکل سٹورز پر آنے والے گاہکوں کے مطابق پینا ڈول کا ایک پتا پہلے 20 روپے میں ملتا تھا اب 30 روپے میں مل رہا ہے یعنی پہلے جو گولی 2 روپے میں ملتی تھی اب وہ تین روپے میں مل رہی ہے جبکہ بعض میڈیکل سٹورز میں پینا ڈول دستیاب ہی نہیں ہے۔
اسلام آباد کے ایک میڈیکل سٹور پر آنے والے گاہک امجد علی نے کہا کہ ’سب جانتے ہیں کہ کورونا کا دور ہے۔ پینا ڈول ہر گھر کی ضرورت ہے اور لوگ اسے اپنے گھروں میں بغیر ضرورت کے ہی سٹاک کرتے ہیں۔ لیکن اب ایک بار پھر اس کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ مجھے ضرورت ہے اور مل نہیں رہی۔ جہاں ملی وہاں 10 روپے زیادہ ادا کرنا پڑے۔‘
اس حوالے سے ڈریپ حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پیناڈول کی قیمت بڑھانے کا تقاضا مینوفیکچررز کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ کل پرائسنگ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں قیمتوں میں اضافے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے۔ اب نوٹیفکیشن جاری ہونے تک صورت حال بنی ہوئی ہے جس کو دیکھ رہے ہیں اور اگر کسی نے ذخیرہ اندوزی کی اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔‘
