ونٹر اولمپکس: پاکستان کے محمد کریم 16 فروری کو ایکشن میں نظر آئیں گے
ونٹر اولمپکس: پاکستان کے محمد کریم 16 فروری کو ایکشن میں نظر آئیں گے
جمعرات 3 فروری 2022 14:41
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
محمد کریم تیسری مرتبہ سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
چین کے شہر بیجنگ میں جمعہ سے شروع ہونے والے ونٹر اولمپکس میں پاکستان کے واحد ایتھلیٹ محمد کریم شرکت کریں گے۔ بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان کا پانچ رکنی دستہ چین کے شہر بیجنگ میں موجود ہے جس میں ایک ایتھلیٹ اور چار آفیشلز شریک ہیں۔
پاکستان چوتھی مرتبہ سرمائی اولمپکس میں شرکت کر رہا ہے جبکہ محمد کریم تیسری مرتبہ سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ سکیئر محمد کریم 16 فروری کو سلالم ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
محمد کریم کون ہیں؟
گلگت سے تعلق رکھنے والے سکیئر محمد کریم نے 4 سال کی عمر سے سکئینگ کی ٹریننگ کا آغاز کیا جس میں ان کی بڑے بھائی نے ان کی تربیت کی۔ انہوں نے کیرئیر کا آغاز 2011 انڈیا میں ساوتھ ایشئین ونٹر گیمز سے کیا۔ محمد کریم پہلی مرتبہ سوچی ونٹر اولمپکس میں 2014 میں شرکت کی جہاں 109 اتھلیٹس میں سے انہوں نے 71ویں پوزیشن پر رہے جبکہ دوسری مرتبہ 2018 پیونگچینگ اولمپکس میں 72 ویں پوزیشن پر رہے۔
پاکستان نے پہلی مرتبہ ونٹر اولمپکس میں 2010 میں نمائندگی کی تھی۔
پاکستان میں پہلا سکی ریزورٹ 1958 میں نلتر ویلی میں قائم ہوا تھا جو ابتدائی طور پر پاکستان ایئر فورس کے پائلٹس کی تربیت کے لیے قائم کیا گیا تھا تاہم بعدازاں اسے ایتھلیٹس کی تربیت کے لیے بھی استعمال کیا جانے لگا۔ پاکستان سکی فیڈریشن 1990 میں تشکیل دی گئی تھی جبکہ اولمپیکس میں پہلی مرتبہ 2010 میں شرکت کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔