Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نواف المالکی کی وفاقی وزیر عمر ایوب سے ملاقات

وفاقی وزیر نے ترقیاتی شعبے میں سعودی تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ 
پاکستان اور سعودی عرب نے سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ اور وزارت اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کے شعبے میں معاہدے کے ملنے والی سہولت کو جلد سے جلد فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔  
جمعرات کو وزارت اقتصادی امور ڈویژن سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری منصوبوں اور نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ترقیاتی شعبے میں سعودی تعاون کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ 
ملاقات میں پاکستان کے لیے سعودی آئل سہولت کو جلد از جلد آپریشنل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ جس سے متعلق سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ اور وزارت اقتصادی امور کے درمیان نومبر 2021 میں ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔
اس معاہدے کے تحت سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ ایک سال تک موخر ادائیگیوں پر پٹرولیم مصنوعات کی خریداری پر ماہانہ دس کروڑ ڈالر ایک سال کے لیے فراہم کرے گا۔ 
ملاقات میں زلزلہ سے متاثرہ کشمیر اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں جاری منصوبوں پر کام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ 
اعلامیے کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ توانائی، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں متعدد منصوبوں میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ حال ہی میں سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ نے مہمند ڈیم، شونٹر ہائیڈرو پاور، جاگراں فور ہائیڈرو پاور گریویٹی فلو واٹر سکیم اور مانسہرہ  مظفرآباد روڈ جیسے منصوبوں کے لیے تعاون کا عہد کیا ہے۔ 
سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور معاشی تعاون جاری رکھنے اور باہمی بھائی چارے کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ 

شیئر: