Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی کے سمندر میں گیس کے 2 ٹریلین مکعب فٹ ذخائر دریافت

ابوظبی کی نیشنل پٹرولیم کمپنی ادنوک نے کہا ہے کہ ابوظبی کے سمندر میں 2 ٹریلین مکعب فٹ سے زیادہ قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق ادنوک کا کہنا ہے کہ ابوظبی کے سمندر میں دریافت ہونے والے پہلے کنویں کے ابتدائی نتائج سامنے آگئے ہیں۔
ابوظبی نے  2019 کے دوران پٹرول اور گیس کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے جو نئے لائسنس جاری کیے تھے یہ مسابقتی عمل کا پہلا حصہ ہے۔
اماراتی وزیر صنعت و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان الجابر نے کہا کہ یہ کامیابی قیادت کی  فراست اور دور اندیشی کا نتیجہ ہے۔
علاوہ ازیں ادنوک کمپنی نے سمارٹ شراکت کی جو پالیسی اپنائی ہے اس کے اچھے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔
گیس کے  نئے ذخائر اٹلی کے اینی کمپنی اور تھائی لینڈ کی بی ٹی ٹی کمپنی کی شراکت سے دریافت ہوئے ہیں۔ مذکورہ کمپنیاں ابوظبی کے  شمال مغرب میں 4033 مربع کلو میٹر کے رقبے میں ذخائر دریافت کررہی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: