Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میری آواز ہی پہچان ہے‘ لتا منگیشکر کے انتقال پر پاکستان اور انڈیا افسردہ

پچھلے ماہ جنوری میں لتا منگیشکر کورونا کا شکار ہوئی تھیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
’موسیقی کا ایک عہد تمام ہوا‘ ’یہ ایک بہت دکھی صبح ہے۔‘ ’اب کبھی کوئی اور لتا نہیں آئیں گی۔‘ یہ وہ الفاظ ہیں جن کے ذریعے سُر اور سرگم کی ملکہ لتا منگیشکر کی آواز کے مداح ان کے دنیا سے جانے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
انڈیا کی بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ لتا منگیشکر اتوار کو کورونا کے باعث انڈیا کے بریچ کینڈی ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال پر نہ صرف انڈیا اور پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ان کے مداح سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے لتا منگیشکر کے اتنقال کی خبر پر ٹویٹ کی، انہوں نے لکھا کہ ’ لتا منگیشکر کا انتقال موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہے، لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ  ’جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے۔‘

انڈین کرکٹر ورندر سہواگ نے لتا منگیشکر کو بلبل سے تشبیہہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’انڈیا کی بلبل، ایک آواز جو گونجتی ہے اور دنیا کے لاکھوں لوگوں کے لیے خوشی اور مسرت لے کر آتی ہے۔ مداحوں اور اہل خانہ کے لیے تعزیت۔

لتا منگیشکر کے انتقال پر ٹوئٹر صارف نیون پاؤلی نے لکھا کہ ’ایک عہد تمام ہوا، انڈیا کی بلبل خاموش ہو گئی۔‘

انڈین اداکار اکشے کمار نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری آواز ہی پہچان ہے، گر یاد رہے اور ایسی آواز کو کوئی کیسے بھول سکتا ہے۔ لتا منگیشکر جی کے انتقال پر بہت دکھ ہوا۔

انڈین اداکارہ جینیلیا دیش مُکھ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’لتا منگیشکر جی، آپ ہمیشہ انڈیا کا فخر ہیں اور آپ کی آواز ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہماری زندگیوں اور گھروں کا حصہ رہے گی۔ ایک عہد تمام ہوا۔

پاکستان کے معروف صحافی حامد میر نے نے لتا منگیشکر کی گلوکارہ نور جہاں کے ساتھ بنائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ
رہیں نہ رہیں ہم، مہکا کریں گے، بن کے کلی بن کے صبا باغِ وفا میں

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی بلبل انڈیا کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’لتا منگیشکر کی موت کے ساتھ برصغیر نے دنیا کی ایک عظیم گلوکارہ کو کھودیا ہے۔‘
’ان کے گانوں نے دنیا کے بے شمار لوگوں کو لطف اندوز کیا۔‘
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹویٹ میں انڈین گلوکارہ کو ’میلوڈی کوئین‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی آواز، گانے اور ان سے ابھرنے والے جذبات کبھی مریں گے نہیں۔‘
’آئندہ کوئی دوسری لتا نہیں آئیں گی۔‘

لتا منگیشکر کو گذشتہ مہینے کورونا اور نمونیہ کی تشخیص کے بعد ہسپتال داخل کر دیا گیا تھا۔ جبکہ 30 جنوری کو مہاراشٹر کے وزیر صحت نے اطلاع دی تھی کہ اب ان کی صحت ٹھیک ہے۔

شیئر: