الاخباریہ ریڈیو کا آغاز اتوار سے، ایف ایم پر سنا جا سکے گا
’الاخباریہ نیوز‘ کی ذیلی شاخ کے طور پرکام کرے گا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی نے اتوار 13 فروری کو ریڈیو کے عالمی دن کی مناسبت سے ’ الاخباریہ ریڈیو‘ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مملکت کا پہلا نیوز ریڈیو چینل ’الاخباریہ نیوز‘ کی ذیلی شاخ کے طور پرکام کرے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریڈیواینڈ ٹی وی اتھارٹی کے سی ای او محمد بن فہد الحارثی کا کہنا ہے کہ ’ الاخباریہ ریڈیو کی لانچنگ کا مقصد ذرائع ابلاغ کے دائرہ کارکووسیع کرتے ہوئے معاشرے کے محتلف طبقات میں مصدقہ ابلاغی ذرائع کی رسائی کوآسان اور ممکن بنانا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نئے ریڈیوکے آغاز سے مملکت میں مختلف جہتوں میں ہونے والی تیزرفتار تبدیلیوں پرمبنی نئی معلومات تک رسائی آسان ہوسکے گی جن میں سیاسی و معاشی امور اورکھیلوں کے بارے میں خبریں شامل ہیں‘۔
’ الاخباریہ ریڈیو‘ ایف ایم بینڈ پرشروع کیاجائے گا جو پہلے مرحلے میں جدہ ، ریاض اور دمام میں سنا جاسکے گا۔
دریں اثنا ’الاخباریہ چینل‘ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’الاخباریہ ریڈیو‘ میں مختلف نوعیت کی اہم و نئی خبروں کے علاوہ خصوصی فیچرز اور معاشرے کے امور سے متعلق اہم ایشوز پیش کیے جائیں گے۔