اب کھانوں کی لذت اور ذائقے کے ساتھ آرائش بھی انتہائی اہم
اب کھانوں کی لذت اور ذائقے کے ساتھ آرائش بھی انتہائی اہم
پیر 21 فروری 2022 17:31
آج کے گاہک اچھا کھانا، زبردست سروس اور شاندار تصاویر چاہتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب ہمیشہ سے مختلف ممالک کی ثقافتوں اور روایتی کھانوں کا مسکن رہا ہے، مختلف ذائقوں کے مشہور ریسٹورنٹ خطے میں جدید سماجی زندگی کے لیے مضبوط ستون کا کام کرتے ہیں جو معیاری کھانوں کے ساتھ دلکش ماحول بھی مہیا کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ابتدائی دنوں میں اچھے کھانوں کے انتخاب کے لیے کسی اخبار کے اشتہار یا دوست کے بتانے سے ریستوراں کا انتخاب کرنا آسان ہوتا تھا۔
اب سوشل میڈیا کے جدید دور میں انسٹاگرام پر لگائی پوسٹس، ٹک ٹاک ویڈیوز کے ساتھ فوڈ بلاگز موجود ہیں جو نت نئے اور لذیذ کھانے تیار کرنے والے ریسٹورنٹس کی تعریف کے پل باندھ رہے ہیں۔
اس جدید انداز نے ٹیکنالوجی کے سہارے ان ریسٹورنٹس میں آنے والوں کی ترجیجات اور کھانوں کے انداز کو بھی کافی حد تک بدل دیا ہے۔
اب ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے والے زیادہ تر افراد سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی معلومات یا تصاویر کو بنیاد بنا کر گھر سے باہر کھانا کھانے کا انتخاب کرتے ہیں۔
سعودی بلاگر عبداللہ الجاروشہ کا جدہ میں کھانوں کے بارے میں فیس بک اور انسٹاگرام پر اکاونٹ ہے جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا کھانے کا ذائقہ بھی اتنا ہی اچھا لگتا ہے جس انداز میں آپ اسے دکھاتے ہیں؟ تو انہوں نے جواب دیا یقینا ایسا ہی ہے اگر کھانے کا ذائقہ اچھا نہیں ہے تو میں اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتا۔
عبداللہ الجاروشہ کا کہنا ہے کہ جدید دور میں مختلف اقسام کے کھانوں کو خاص طور پر سوشل میڈیا کے لیے ہی تیار اور پیش کیا جارہا ہے۔
آج کل ریسٹورنٹس میں تیار ہونے والے سادہ پکوان بھی چمکدار رنگوں اور خوبصورتی میں بدل چکے ہیں، ان میں منفرد لذت کے ساتھ غیر معمولی تخلیقی صلاحیتیں بھی دکھائی دیتی ہیں۔
بعض اوقات کھانے کا معیار اور ذائقہ بہترین ہوتا ہےلیکن بھرپور سجاوٹ کے بغیر اپنا معیار اور ذائقہ ثابت کرنے میں ناکام رہتا ہے اور نظروں میں نہیں آتا۔
اسی طرح ایک اور فوڈ بلاگرز عباس ابو کامیلا جن کے سوشل میڈیا پر تقریبا 99.8 ہزار فالورز ہیں وہ کھانوں کی اچھی تصاویر کو کلک کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
فوڈ بلاگر کا کہنا ہے کہ میں کسی ریسٹورنٹ کے معیار اور کھانے کی ذائقہ کے بعد ہی اسے سوشل میڈیا کی زینت بناتا ہوں۔
بہت سے لوگوں کے لیےکھانے کے تجربات اب صرف عمدہ کھانے یا مشروبات کے بارے میں نہیں ہیں بلکہ ایسے تجربات تخلیق کرنے کے بارے میں ہیں جن پر کلک کیا جا سکتا ہے اور یادوں کے لیے دستاویزی کیا جا سکتا ہے۔
آج کے گاہک اچھا کھانا، زبردست سروس اور شاندار تصاویر چاہتے ہیں اور اب پہلے سے کہیں زیادہ ڈیجیٹل چینلز پر انحصار کر تے ہیں۔