کہتے ہیں کھاﺅ من بھاتا ،پہنو جگ بھاتا۔ سعودی عرب میں ترک ریستورانوں کے کھانے سعودی اور غیر ملکی دونوں پسند کرتے ہیں۔
ترکی کے مشہور شیف ”نصرت غوشکیہ“ نے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ریستوران کھولا ہے جس میں بعض ڈشوں کی قیمت ایک ہزار ریال سے بھی زیادہ ہے۔
نیا ریستوران جدہ فیسٹیول کے موقع پر کھولا گیا ہے۔ ترک شیف نصرت غوشکیہ کو خاص انداز میں نمک استعمال کرنے کا ماہر مانا جاتا ہے۔
ترک ریستوران میں نصرت گولڈن اسٹک نامی ڈش کی قیمت 1250 ریال(50 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ ایک اور ڈش نصرت سیزلنگ کی قیمت 1560ریال (62 ہزار400 پاکستانی روپے) ہے۔
ریستوران میں مختلف اقسام کے سلاد کی قیمت 65 سے لے کر 125 ریال تک رکھی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نصرت غوشکیہ کے کھانوں اور ان کے نرخوں پر سوشل میڈیا پر سینکڑوں صارفین نے نرم گرم تبصرے کیے ہیں۔
ترک ریستوران میں جہاں صفائی اور کھانے کا معیار اعلیٰ ہوتا ہے وہیں کھانا پیش کرنے کا انداز بھی منفرد ہے۔