Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی یونین کا غیر ملکیوں کے لیے سفری قوانین میں نرمی کا مشورہ

یورپی یونین کے ایگزیکٹیو کمیشن نے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے (فائل فوٹو: اے پی)
یورپی یونین کے رکن ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ 27 ممالک کے بلاک میں آنے والے ان سیاحوں کو مزید سہولت فراہم کریں گے جو کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں یا وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو یورپی کونسل نے تجویز دی کہ یورپی یونین کے ممالک اگلے ماہ سے ان تمام افراد کے لیے ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی شرائط ختم کردیں، جنہوں نے وہ ویکسینز لگوائی ہیں جن کی یورپی یونین نے اجازت دی تھی یا جو عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ہیں۔
وہ افراد جنہوں نے اپنی ابتدائی ویکسینیشن سیریز کی آخری خوراک کم سے کم 14 دن اور آمد سے 270 دن پہلے لگوائی ہو یا جنہوں نے بوسٹر ڈوز لگوائی ہو، کورونا سے 180 دنوں میں صحت یاب ہونے والوں کے ساتھ سفر کے اہل ہوں گے۔
یورپی یونین کے ایگزیکٹیو کمیشن نے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے، جن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بالغ کے ساتھ سفر کرنے والے چھ سال سے کم عمر کے بچوں پر کوئی ٹیسٹ یا اضافی تقاضے لاگو نہیں کیے جائیں گے۔
یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ ’یہ نئے اقدامات یورپی یونین کے باہر سے یورپی یونین میں سفر کو مزید سہولت فراہم کریں گے۔‘
تاہم یورپی کونسل نے کہا ہے کہ جن مسافروں نے عالمی ادارہ صحت  سے منظور شدہ ویکسینز لگوائی ہوئی ہیں لیکن یورپی یونین میں ان کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔ ان سے اب بھی منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے یا قرنطینہ میں جانے کے لیے کہا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے فائزر، ایسٹرا زینیکا، نواویکس، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسیز کی منظوری دے رکھی ہے۔

شیئر: