توکلنا ایپ میں ’مناسک گیٹ ‘ کی نئی سہولت
’مناسک گیٹ‘ میں حرمین شریفین سے متعلق تمام خدمات یکجاکردی گئی ہیں(فوٹو،ٹوئٹر)
توکلنا ایپ میں عمرہ و حج کے شعبے کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتربناتے ہوئے انہیں ’ مناسک گیٹ‘ کا عنوان دے دیا گیاہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی مصنوعی ذہانت کے ادارے ’سدایا‘ کی توکلنا ایپ پرسعودی شہریوں اوریہاں رہنے والے غیر ملکیوں کے لیے مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
توکلنا ایپ پرجہاں کورونا ویکسینیشن کی بکنگ حاصل کی جاسکتی ہے وہاں دیگر خدمات بھی مہیا ہیں جن میں حج وعمرہ کا کا شعبہ بھی موجود ہے۔
’سدایا‘ کی جانب سے توکلنا ایپ پرفراہم کی جانے والی خدمات کو مزید آسان بنانے کےلیے حج وعمرہ کے شعبے کے تحت فراہم کی جانے والے تمام خدمات کویکجا کردیا گیا ہے۔
حج وعمرہ شعبے کے تحت ’مناسک گیٹ‘ کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں عمرہ پرمٹ کا اجرا ، مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی ، طواف ، مسجدنبوی الشریف میں روضہ کی زیارت کے لیے پرمٹ کا حصول بھی شامل ہے۔
مناسک گیٹ میں یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ پرمٹ کے اجرا سے قبل اس بات کا جائزہ لیا جاسکتا ہے کہ حرمین میں ازدحام کی کیا کیفیت ہے۔
واضح رہے توکلنا ایپ کورونا وبا کے ابتدائی دورمیں جاری کی گئی تھی جب مملکت میں کورونا سے بچاو کےلیے کرفیو اورلاک ڈاون نافذکیا گیا تھا۔
ابتدا میں توکلنا ایپ کے ذریعے کرفیو پاسز کا اجرا ، کورونا ٹیسٹ کی سہولت ، ویکسینیشن کے لیے بکنگ کی خدمات فراہم کی جاتی تھیں بعدازاں اس کا دائرہ عمل وسیع کرتے ہوئے عمرہ پرمٹ بھی اس سے مربوط کردیا گیا۔