سعودی عرب کا حوثیوں سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم
سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دہشت گرد حوثیوں اور ان کے حامیوں کی سرگرمیوں کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے جس میں حوثی باغیوں کا دہشت گرد تنظیم قرار دیا کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دہشت گرد حوثیوں اور ان کے حامیوں کی سرگرمیوں کے خاتمے کا ذریعہ بنے گا۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ قرارداد حوثی باغیوں کے خطرے کو کم کرنے اور انہیں میزائل ،ڈرونز اور ایران کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کو کم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر متعدد ڈرون اور میزائل حملوں کے دعوے کے بعد پیر کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے یمن کے حوثی باغیوں پر ہتھیاروں کی پابندی عائد کر دی تھی۔
یہ پابندی متحدہ عرب امارات کی تجویز پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے لگائی۔
اس اقدام سے متعدد حوثی رہنماؤں پر پہلے سے لگائی گئی پابندیوں کو پورے گروپ پر لاگو کیا گیا ہے۔
سلامتی کونسل میں اس پابندی کے حق میں 11 ووٹ پڑے جبکہ سکیورٹی کے چار ممبران آئرلینڈ، میکسیکو، برازیل اور ناروے نے ووٹ دینے سے گریز کیا۔