طیاروں کی نمائش کے لیے تین کلو میٹرطویل ہیلی پیڈ ہے ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں عسکری صنعتوں کے قومی ادارے کے گورنر احمد العوھلی نے اتوار کو ریاض میں عالمی دفاعی نمائش کے پہلے ایڈیشن کے افتتاح کا اعلان کیا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ہونے والی یہ نمائش 9 مارچ تک جاری رہے گی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق احمد العوھلی نے نمائش میں شریک ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں واداروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطلوبہ اہداف کے حصول میں کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی ملٹری انڈسٹری کے سی ای او ولید اب خالد نے کہا کہ ’ہمارا ہدف 2030 تک دنیا میں سرفہرست 25 کمپنیوں میں شامل ہونا ہے‘۔
اسلحہ کی بین الاقوامی نمائش میں بری، بحری، فضائی اسلحہ، انفارمیشن سیکیورٹی اور خلائی سائنس سے متعلق نئی ایجادات پیش کی جارہی ہیں۔ ان پانچوں شعبوں میں اب تک جتنی ترقی ہوئی ہے اور جو نئی ٹیکنالوجی آئی ہے وہ سب نمائش میں موجود ہے۔
طیاروں کی نمائش کے لیے تین کلو میٹرطویل ہیلی پیڈ ہے۔ جدید ترین سسٹم سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مظاہرہ بھی ہورہا ہے۔
نمائش میں سعودی وزارت دفاع سے منسلک اسلحہ ساز فیکٹریاں جدید ترین مصنوعات پیش کررہی ہیں اور اندرون مملکت سے سب سے بڑا پویلین ہے۔
6 سے 9 مارچ تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 30 ہزار وزیٹرز کی آمد متوقع ہے جس میں 80 ممالک کے وفود شامل ہیں۔
نمائش کے موقع پرمتعدد سیمینار اور کانفرنسیں بھی ہوں گی۔
نمائش کے لیے 30 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر تین ہال بنائے گئے ہیں۔ 15 ہزار مربع میٹر کے رقبہ طیاروں اور دولاکھ مربع میٹر کا رقبہ بری آلات کے لیے مختص ہے۔