Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یورپین یونین چاہتا ہے پاکستان روس، یوکرین تنازع میں ثالث کا کردار ادا کرے‘

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یورپین یونین نے پاکستان سے یوکرین اور روس کے تنازع میں ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے کہا ہے۔
پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’کچھ دیر پہلے وزیر اعظم کو کال آئی ہے یورپین یونین کے صدر کی اور یورپین یونین کے صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین اور روس کے تنازع میں پاکستان اپنا ایک ثالثی کا کردار ادا کرے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یورپین یونین کے صدر سے بات چیت کے بعد وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے عملی اقدامات لیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’آج میری یورپین یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے یوکرین کی صوتحال پر بات کی ہے اور عسکری تنازع پر تشویش سے آگاہ کیا ہے، اس کے ترقی پزیر ممالک کی معیشت پر اثرات کو اجاگر کیا ہے اور فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے۔‘
واضح رہے وزیراعظم خان وہ پہلے غیرملکی سربراہ تھے جنہوں نے یوکرین پر روسی حملے کے بعد ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان نے یوکرین اور روس تنازع پر غیرجانبدارانہ رویہ اختیار کررکھا ہے۔ پچھلے ہفتے پاکستان میں یورپین یونین کے 22 ممالک کے ہیڈ آف مشنز نے ایک خط کے ذریعے پاکستانی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ روسی جارحیت کی مذمت کریں۔
گزشتہ روز میلسی میں وزیراعظم عمران خان نے یورپین یونین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ابھی یورپین یونین کے سفیروں نے پاکستان کو خط لکھا کہ آپ روس کے خلاف بیان دیں، اس کے خلاف ووٹ دیں۔ میں یورپین یونین کے سفیروں سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ نے ہندوستان کو بھی یہ خط لکھا تھا؟‘

شیئر: