Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نمایاں خدمات انجام دینے والی پانچ سعودی خواتین کے لیے انعامات

ریاض میں منعقدہ تقریب میں پانچ سعودی خواتین کو انعامات سے نوازا گیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شہزادی نورہ بنت عبدالرحمان ایوارڈ کے چوتھے سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں زندگی کے مختلف میدانوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پانچ خوتین کو انعامات سے نوازا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق ایونٹ کی میزبان، ایوارڈز کی سپریم کمیٹی کی رکن اور پرنسز نورہ بنت عبدالرحمان یونیورسٹی کی صدر ڈاکٹر انس العیسا کا کہنا ہے کہ ایوارڈ کا یہ سلسلہ شروع سے ہی ایک ایسے موقعے کے طور پر سامنے آیا جہاں سے خواتین کے نمایاں کام کو سراہا جاتا ہے اور اجاگر کیا جاتا ہے۔
اس موقعے پر سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حماد الشیخ نے کہا کہ ’اس تقریب کا اہتمام سعودی خواتین کے اعزاز میں کیا گیا ہے، آج ایوارڈز کا چوتھا سیشن منعقد ہو رہا ہے اور ہم سعودی خواتین کے اس کردار کو فخر کے ساتھ دیکھتے ہیں جو وہ اپنے ملک اور معاشرے کی بہتری کے لیے ادا کر رہی ہیں۔‘
تقریب میں شاہ عبدالعزیز کی ہمشیرہ شہزادی نورہ بنت عبدالرحمان السعود کو مملکت کی تاریخ میں ان کے بہادرانہ اور اہم کردار پر خراج تحسین بھی کیا گیا۔
تقریب میں الشیخ کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس پہلی سعودی خاتون سے منسوب تقریب میں شرکت کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے جنہوں سعودی خواتین میں تعلیم کے حصول کی راہ متعین کی۔‘
اس موقع پر زندگی کے مختلف میدانوں سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین کو ان کے نمایاں کام کے اعتراف میں انعامات سے نوازا گیا۔

انعامات کے لیے مختلف شعبوں کا انتخاب کیا گیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)

انعامات کی درجہ بندی مختلف شعبوں کے مطابق کی گئی تھی، جن میں صحت، سائنس، سوشل ورک، معیشت اور آرٹ ورک (عربی خوش خطی) شامل تھے۔
طلبہ کی جانب سے مہمانوں کے آڈیٹوریم میں داخلے کے موقع پر سعودی عرب کی ثقافت سے تعلق رکھنے والی اشیا کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
متعدی امراض پر تحقیق کرنے والی ڈاکٹر ماہا الموزینی نے صحت کے شعبے کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ ڈاکٹر منال بن محمد القطنی کو آرامکو کے لیے خدمات انجام دینے پر سائنس کے شعبے کا انعام دیا گیا۔
اسی طرح سوشل ورک کا انعام ابلاح بنت عبدالعزیز الداسیمانی کے نام رہا جبکہ معاشی میدان کا انعام لطیفہ بنت راشد التمیمی کے حصے میں آیا۔

تقریب میں سعودی خواتین کے کردار کو سراہا گیا (فوٹو: عرب نیوز)

امانی بنت الوہیب الواہبی کو تقریب میں آرٹ ورک کا انعام دیا گیا۔
اس موقع پر ان خواتین کے کام کو سراہا گیا۔
ڈاکٹر انس نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ٹیکنالوجی کے اس دور میں سعودی خواتین کے ارادے لامحدودہیں، خادم حرمین شریقین اور ولی عہد محمد بن سلمان کے زیرسایہ اور ان کے تعاون کی بدولت زندگی کے میدان میں مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔
انعامات حاصل کرنے والی تمام خواتین کو باری باری سٹیج پر بلایا گیا، انعامات وصول کرنے والی خواتین نے اپنے کام اور کامیابیوں کے حوالے سے مختصر گفتگو بھی کی۔

شیئر: