مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پانچ برس سے کم عمر بچوں کو داخلے کی اجازت
نماز کے لیے اجازت نامے کی شرط ختم کردی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پانچ برس سے کم عمر کے بچوں کو اپنے والدین اور رشتہ داروں کے ہمراہ آنے کی اجازت دی ہے۔
السعودیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت حج و عمرہ انجینیئر ھشام بن عبدالمنعم بن سعید نے کہا کہ ’عمرہ اجازت نامے اور ریاض الجنہ مسجد نبوی میں نماز کے اجازت نامے کم از کم پانچ برس کے بچوں کو جاری ہوں گے‘۔
’یہ پابندی مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کی گنجائش کو مدنظر رکھ کر لگائی گئی ہے‘۔
ترجمان وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ ’اب جبکہ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز کے لیے اجازت ناموں کی پابندی ختم کردی گئی ہے‘۔
’ایسی صورت میں ان کے ہمراہ آنے والے بچوں کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے کی اجازت ہوگی کیونکہ نماز کے لیے اجازت نامے کی شرط ختم کردی گئی ہے‘۔
یادد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے حوالے سے ضوابط میں کی جانے والی نرمی اورسماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے کے بعد حرمین شریفین میں مکمل گنجائش کے ساتھ لوگوں کو آنے کی اجازت ہے۔
ماہ رمضان میں عمرہ زائرین کو منظم رکھنے کےلیے عمرہ پرمٹ کا اجرا اور بکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ رمضان المبارک میں عمرہ کرنے کے خواہشمند افراد ابھی سے عمرہ کی بکنگ کراسکتے ہیں۔