’عمران خان سخت وزیراعظم کے روپ میں نظر آئیں گے‘
ہفتہ 12 مارچ 2022 11:57
زین علی -اردو نیوز، کراچی
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو چکی ہے اور تحریک کی ناکامی کی بعد عمران خان ہومیوپیتھک نہیں بلکہ ایک سخت وزیراعظم کے روپ میں نظر آئیں گے۔‘
اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ وثوق سے کہہ رہے ہیں کہ عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی نہیں بلکہ ناکام ہوچکی ہے۔ ’وفاق کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں۔ وزیراعظم نے صاف کہہ دیا ہے کہ وہ اس تحریک کے بعد اب بڑے مضبوط ہو کر آگے بڑھیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’احتساب کا بھی آپشن ہے اور دیگر بھی، حکومت کے پاس سارے آپشنز کُھلے ہیں۔‘
گونر سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ سندھ کے معاملات یا بلوچستان کے معاملات کو کیسے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ’جیسا وزیراعظم چاہیں گے ویسا ہوگا لیکن میں یہ بتا دوں اس موومنٹ کے بعد آپ عمران خان کی شکل میں ایک نیا وزیراعظم دیکھیں گے۔‘
سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے سوال پرعمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’ابھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے، یہ وزیراعظم کی ایما پر ہے کہ کس طرح سے معاملات کو لے کر آگے چلنا چاہتے ہیں۔‘
عمران اسماعیل نے گذشتہ ہفتے لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سابق سینیئر وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد علیم خان لندن چلے گئے تھے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں گورنرعمران اسماعیل نے کہا تھا کہ ’علیم خان کی اپنی ناراضگیاں ہیں اور میری ان سے بات ہوئی ہے، علیم خان کی مرضی ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ علیم خان اور جہانگیر ترین عمران خان کے خلاف کبھی نہیں جا سکتے۔‘
عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ’تحریک عدم اعتماد میں ایک آدمی بھی پورے پاکستان سے شارٹ نہیں ہو گا۔ جن چار سندھ اسمبلی کے ممبرز نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔‘
ایم کیو ایم سے متعلق ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ایم کیو ایم ہمارے اتحادی ہیں اور ان سے اچھی بات چیت ہوئی ہے۔ ایم کیو ایم کہ ضروری دفاتر کو کھولا جائے گا۔‘