اردن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کےلیے دو معاہدے
اردن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی مدد کےلیے دو معاہدے
ہفتہ 12 مارچ 2022 20:18
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے اردن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کو فوڈ سیکیورٹی اور ہاوسنگ سپورٹ کے لیے دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پہلا معاہدہ بھوک اورغذائیت کے خلاف نیشنل الائنس کے ساتھ غریب خاندانوں کے لیے فوڈ سیکیورڈی بڑھانے کے لیے 2 ملین ڈالر کی لاگت کے ساتھ کیا گیا۔
اس منصوبے کے ذریعے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اردن کے تمام گورنریٹس میں چھ ماہ تک شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی فوڈ سیکیورٹی کے لیے امداد فراہم کرے گا۔
یہ فائدہ اٹھانے والے کو ہر دو ماہ بعد مقناطیسی کارڈز کی تقسیم کے ذریعے حاصل کیا جائے گا جو کیمپوں سے باہر ملحقہ سپر مارکیٹوں میں کارڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ اس منصوبے سے28 ہزار 865 افراد مستفید ہوں گے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا(فوٹو ایس پی اے)
دوسرا معاہدہ اردن کی ہاشمی چیریٹی آرگنائزیشن کے ساتھ مکانات کی فراہمی، پانی اور بجلی کے بلوں کی ادائیگی اور اردن کے گورنریٹ اربد میں معذور شامی خاندانوں کے تین سال کے لیے کرایہ ادا کرنے کے لیے کیا گیا۔ اس معاہدے سے 109 افراد کے ساتھ 22 شامی خاندان مستفید ہوں گے۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مملکت کا واحد ادارہ ہے جو تنازعات سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیےسرکاری سعودی امداد فراہم کرتا ہے۔ یہ مرکز انسانی ہمدردی اور امدادی کاموں میں اپنے اہم کردار کے حصے کے طور پر مملکت کے اہداف کی تکمیل کے لیے اس سرگرمی کو انجام دیتا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 77 ممالک میں مختلف قسم کے 1814 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.5 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔