Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین جنگ: کیئف میں ایک اور امریکی صحافی ہلاک

شہر کے حکام کے مطابق روس کے حملے کے بعد سے اب تک 21 سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کا کیمرہ مین یوکرین کی جنگ کی کوریج کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا ہے جبکہ ان کی ساتھی بینجمن ہال زخمی ہوگئی ہیں۔
منگل کو فاکس نیوز کی جاری ہونے والی ویڈیو کے مطابق ’پیئر زکژوسکی دارالحکومت کیئف کے قریب فائرنگ کی زد میں آگئے تھے۔‘
 پیئر زکژوسکی کے ساتھ زخمی ہونے والی بینجمن ہال کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی افواج کے محاصرے میں موجود یوکرینی شہر ماریوپول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ہزار شہری گاڑیاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم روٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
منگل کو شہری کونسل نے ٹیلی گرام پر جاری پیغام پر کہا ہے کہ ’مقامی وقت کے مطابق دو بجے تک دو ہزار گاڑیاں ماریوپول سے روانہ ہوئی ہیں جبکہ مزید دو ہزار گاڑیاں شہر چھوڑنے کے انتظار میں ہیں۔‘
تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ گاڑیوں میں کتنے افراد سوار تھے۔
کونسل کے مطابق گذشتہ روز 160 گاڑیاں شہر سے روانہ ہوئی تھیں۔
روسی افواج کے رواں ماہ کے اوائل میں بحیرہ ازوف پر واقع شہر کو گھیرے میں لینے کے بعد سے کئی ناکام کوششوں کے بعد یہ کامیاب انخلا ہوا ہے۔
شدید بمباری کی وجہ سے شہر کے تقریباً چار لاکھ افراد کے پاس نہ پینے کا صاف پانی ہے اور نہ ہی کوئی حرارت کا مناسب بندوبست ہے۔ شہریوں کو خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
شہر کے حکام کے مطابق روس کے حملے کے بعد سے اب تک 21 سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) نے منگل کو کہا ہے کہ ’ماریوپول میں صورت حال بدستور تشویشناک ہے اور وہ شہر کو امداد پہنچانے کے قابل نہیں ہے۔‘
آئی سی آر سی کا کہنا ہے کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ لاکھوں لوگ اب بھی مشکلات کا شکار ہیں۔‘

شیئر: