Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور مملکت امت مسلمہ کے محافظ ہیں،امام کعبہ

  اسلام آباد...امام کعبہ شیخ صالح نے پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا اور ڈپٹی ا سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مذہب و اخوت کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ امام کعبہ نے مسلم امہ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ امام کعبہ نے کہا کہ مسلم امہ کے خلاف اور اسے کچلنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر گہری چال چلی جا رہی ہے۔پاکستان اور سعودی عرب امت مسلمہ کے محافظ ہیں، اسی لئے یہ دونوں ممالک سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں۔ آج دنیا بھر کے مسلمانوں کی نگاہیں سعودی عرب اور پاکستان کی طرف ہیں۔امت دہشت گردی سے متاثر ہے۔اسی لئے اسلامی عسکری اتحاد قائم کیا ہے۔یہ اتحاد کسی ایک مخصوص ملک کے خلاف یا حفاظت کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے امن اور مسلم دنیا کی حفاظت کے لئے ہے۔ا نہوں نے مزید کہاکہ اسلامی دنیا کو پاکستان پر بہت بھروسہ ہے۔ اسی لئے اتحاد کا سربراہ پاکستان سے ہی چنا گیا۔ شیخ صالح بن محمد بن طالب نے کہا کہ ہم سب مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے جس نے ہم سب کی ترقی کا راستہ روکا ہوا ہے۔ ہم امن و محبت کی دعوت دینے والی امت ہیں، قتل و غارت پھیلانے والے نہیں۔ دشمن مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کر کے کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے اپنی صفوں میں اتحاد یگانگت قائم کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی ا سپیکر نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا ہے۔ ہمارے مشترکہ دشمنوں کی سازش ہے جو اسلامی دنیا کو خوشحال اور ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے اس ناسور کے خاتمے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کے عوام اور حکومت سعودی عرب سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ وہ اس کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کو کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ حرمین شریفین کی حرمت کا تحفظ کرنے کے لئے اپنی جانیں تک قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھو ں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ 
 

 

شیئر: