Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون مملکت سے ’خروج وعودہ‘ کی مدت کس طرح چیک کریں؟

ماضی میں اقاموں کی تجدید کے لیے مخصوص فارم درکار ہوتا تھا جس پرروایتی انداز میں تصویریں چسپاں کی جاتی تھیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے پلیٹ فارم ’ابشر‘ اور’مقیم‘ کے ذریعے سرکاری معاملات کی انجام دیے جاتے ہیں۔ مملکت میں ڈیجیٹل سروسز کے آغاز سے قبل اقاموں کا اجرا، تجدید اور خروج وعودہ یا خروج نہائی حاصل کرنا کافی دقت طلب امر تھا۔
ماضی میں اقاموں کی تجدید کے لیے مخصوص فارم درکار ہوتا تھا جس پرروایتی انداز میں تصویریں چسپاں کی جاتی تھیں۔
بعدازاں فارم کے ساتھ اقامے اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی کرکے انہیں فائل میں لگانے کے بعد تجدید کی فیس ادا کرنے کے لیے بینک کا کوپن حاصل کرنا ہوتا تھا۔
مذکورہ مراحل سے گزرنے کے بعد جوازات کے مرکزی دفترمیں موجود لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا تھا اگر معاملے میں کسی قسم کی کمی رہ جاتی تو دوسرے دن آنا ہوتا تھا۔
مذکورہ کارروائیاں صرف اقامہ کی تجدید ہی نہیں بلکہ خروج وعودہ یا خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ کےلیے بھی ان ہی مراحل سے گزرنا ہوتا تھا۔
وزارت داخلہ نے سال 2000 سے ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کیا جس سے معاملات میں کافی حد تک بہتری آئی۔ ڈیجیٹل سسٹم کومرحلہ وار ترقی دی گئی جس کی وجہ سے آج گھر بیٹھے 24 گھنٹے کوئی بھی سروس حاصل کی جاسکتی ہے۔
ڈیجیٹل سروس سے قبل ہنگامی بنیاد پرخروج وعودہ حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا تھا جس کے لیے بڑے شہروں میں جوازات کے مرکزی دفتر میں رات کو ہنگامی بنیادوں پرخروج وعودہ کے لیے خصوصی کاؤنٹرکھولا جاتا تھا تاہم اس کے لیے جائز وجہ کا ثبوت بھی فراہم کرنا ہوتا تھا۔
جوازات کی ڈیجیٹل سروس کی وجہ سے یہ سہولت فراہم کی گئی کہ ابشر یا مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت خروج وعودہ یا خروج نہائی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ اقامہ کی تجدید اور اجرا کی کارروائی بھی انتہائی آسان ہوگئی ہے۔
اب نہ تو جوازات کے دفتر جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتا ہے بلکہ اپنے سسٹم کے ذریعے ہی گھر بیٹھے سرکاری کارروائی مکمل کی جاسکتی ہے۔

سعودی وزارت داخلہ نے سال 2000 سے ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

 ۔۔۔۔۔ ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’مملکت سے باہر رہتے ہوئے خروج وعودہ کے بارے میں کس طرح معلوم کیا جاسکتا ہے؟‘
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رہتے ہوئے خروج وعودہ کے بارے میں معلومات ’مقیم ‘ پورٹل کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں  https://muqeem.sa/#/visa-validity/check 
پورٹل پرخروج وعودہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے لنک کو اوپن کرکے وہاں مطلوبہ خانوں میں درکارمعلومات، جن میں ویزہ نمبر یا اقامہ نمبر، نام اور دیگر مطلوبہ معلومات شامل ہیں، کو فیڈ کرنا ہوتا ہے۔
سسٹم میں معلومات فیڈ کرنے کے بعد خروج وعودہ ویزے کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس حوالے سے خروج وعودہ ویزے کا پرنٹ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

شیئر: