کوئٹہ کے تھانے میں کمسن بچے پر تشدد، وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟
جمعہ 18 مارچ 2022 19:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں پولیس سٹیشن میں کمسن بچے پر تشدد کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں مبینہ طور پر دو پولیس افسران تشدد کرتے دکھائے گئے ہیں۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حکام نے ان مناظر کا نوٹس لیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ کئی ماہ پرانی ویڈیو ہے۔
قائمقام ڈی آئی جی کوئٹہ افسر میسر کے مطابق بچے پر دکان سے چوری کا الزام تھا، مقامی دکاندار کی شکایت پر بچے کو تھانے لایا گیا تھا۔
افسر میر کے مطابق فوٹیج سامنے آنے پر آئی جی بلوچستان نے معاملے کا نوٹس لیا ہے اور ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ افسر میسر کے مطابق بچے پر تشدد کی فوٹیج کے معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
قبل ازیں ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی نے اپنے ردعمل میں بتایا تھا کہ پولیس سٹیشن میں بچے پر تشدد ویڈیو 8 سے 9 ماہ پرانی ہے جو اب منظر عام پر آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ویڈیو میں بچے پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر فتح شیر اور ہیڈ کانسٹیبل نصراللہ کے طور پر ہوئی ہے۔