Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ اور حج موسم کو کامیاب بنانے کے لیے موثر اقدامات کیا ہیں؟

خلاف ورزیوں کے فیصلے آئندہ پر ٹال دیے گئے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سیکریٹری سیاحت شہزادہ سعود بن نھار نے کہا ہے کہ وزارت سیاحت نے سال رواں کے عمرہ و حج موسم کو کامیاب بنانے کے لیے جملہ سہولیات فراہم کردیں تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین کو ہوٹلوں اور رہائشی مراکز میں ٹھہرایا جاسکے۔ 
اخبار  24 کے مطابق شہزادہ سعود اتوار کو مکہ مکرمہ  ایوان صنعت و تجارت میں منعقدہ سیاحتی رہائشی اداروں کے مالکان سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر وزارت حج و عمرہ، وزارت داخلہ، محکمہ شہری دفاع، مکہ مکرمہ میونسپلٹی، مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل کمیشن اور مکہ مکرمہ ایوان صنعت و تجارت کے عہدیدار و سربراہ موجود تھے۔ 
شہزادہ سعود نے کہا کہ ان کی وزارت حالیہ عمرہ موسم کو کامیاب بنانے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے فوری حل دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے کام کیا جارہا ہے۔ طویل المیعاد حل پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ جتنی سہولتیں ممکن ہوسکتی تھیں وہ سب ہوٹلوں کے مالکان کو مہیا کردی گئی ہیں۔ 
مکہ مکرمہ ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین ھشام کعکی نے کہا کہ ہوٹلوں کے مالکان نے مسائل کے فوری حل کے حوالے سے تجویز کیا کہ ہوٹلوں کی درجہ بندی کا عمل ملتوی کردیا جائے۔ فی الوقت صفائی اور زائرین کی سلامتی پر زیادہ سے زیادہ توجہ کی جائے کہ یہ ایسے امور ہیں جنہیں ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔ 
کعکی نے کہا کہ فروغ سیاحت فنڈ سے کہا گیا ہے کہ وہ معطل منصوبوں کی مدد میں اپنا کردار ادا کرے۔ 
کعکی نے کہا کہ زائرین کو رہائش فراہم کرنے والے تمام اداروں کو ایک چھت کے نیچے جمع کردیا گیا ہے تاکہ سب مل جل کر مسائل کو حل کریں۔ سیزنل لیبرز کو سکیموں میں کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ہوٹلوں کے مالکان اور انہیں چلانے والوں کے تنازعات نمٹانے کی بات ملتوی کردی گئی ہے۔ اس شرط کے  ساتھ یہ ملتوی کی گئی ہے کہ کسی کے بھی حقوق متاثر نہ ہوں۔ خلاف ورزیوں کے فیصلے اور جرمانے آئندہ پر ٹال دیے گئے ہیں۔ یہ موسم گزرنے کے بعد یہ مسائل بہتر شکل میں حل کرنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: