Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف، اجازت نامے جلد جاری ہوں گے 

کورونا وبا کے دوران اعتکاف معطل کردیا گیا تھا(فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ ’اس سال مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں رمضان کے دوران اعتکاف ہوگا۔‘
یاد رہے کہ کورونا وبا کے دوران ایس او پیز کی پابندی کے باعث اعتکاف معطل کردیا گیا تھا، اس سال بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے بتایا کہ ’دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف مقررہ شرائط و ضوابط کے مطابق ہوگا۔ انتظامیہ اپنی سرکاری ویب سائٹ سے جلد اعتکاف اجازت نامے جاری کرانے کا موقع فراہم کرے گی۔‘ 
 یاد رہے کہ ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس نے گزشتہ روز کورونا وبا کے بعد زندگی معمول پرآنے پر رمضان کے لیے سب سے بڑے آپریشنل پلان کا اعلان کیا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹرعبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ’ اس سال رمضان میں عمرہ زائرین کی خدمت پر 12 ہزار کارکنان تعینات ہوں گے۔ خواتین اہلکار شامل ہیں۔ ڈیجیٹل سہولتوں اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے بھی زائرین کی خدمت کی جائے گی۔‘
’حرمین شریفین انتظامیہ زائرین کی آسانی کے لیے 8 آن لائن سہولتیں فراہم کرے گی۔ زائرین نماز کے اوقات، انتظامیہ کے تعارف سمیت مختلف سہولیات آن لائن حاصل کرسکیں گے۔‘ 
’مصنوعی ذہانت سے بھی زائرین کی خدمت کا کام لیا جائے گا۔ سینیٹائزنگ کا کام روبوٹ کریں گے۔ آب زمزم کی تقسیم کا کام بھی روبوٹ سے لیا جائے گا۔ مذہبی استفسارات کے  جوابات میں بھی روبوٹ استعمال کیے جائیں گے۔ مختلف زبانوں میں بڑی سکرینز پر ہدایات دی جائیں گی۔‘
حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق ’عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں آنے جانے کے  لیے تین بڑے دروازے مختص کیے گئے ہیں۔ زائرین باب ملک عبدالعزیز، باب ملک فہد اور باب السلام سے داخل  ہوں گے اور انہی دروازوں سے نکلیں گے۔ نمازیوں کے لیے  144 دروازے مختص ہیں جبکہ اجیاد پل، الشبیکہ پل اور المروۃ پل بھی نمازیوں کے لیے خاص ہوں گے۔‘ 
  ’رمضان کے دوران افطار کے سے سحری تک آب زمزم فراہم ہوگا۔ مطاف میں سپیشل گاڑیوں کے ذریعےآب زمزم کی فراہمی ہوگی۔ ورکرز آب زمزم تقسیم کریں گے۔ مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر زمزم کولرز ہوں گے۔ آب زمزم کی سبیلیں بھی مہیا ہوں گی۔‘

شیئر: