Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان، دو برس میں پہلی بار کورونا سے کوئی موت نہیں ہوئی

پاکستان میں انسداد کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گزشتہ دو برس میں پہلی مرتبہ کورونا وائرس سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ ’گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے کوئی موت ریکارڈ نہیں کی گئی ہے۔‘
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید لکھا کہ گزشتہ دو برس میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

پاکستان میں کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے 12 برس سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو 1166 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر یا نادرہ کے پورٹل پر رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کرانے والوں کو ان کے قریبی ویکسینیشن مرکز پہنچ کر ویکسین کی خوراک لگوانا ہوتی ہے۔ جو افراد پہلی خوراک لگوا چکے ہوتے ہیں انہیں دوسری خوراک کی مدت قریب آنے پر 1166 سے میسیج کیا جاتا ہے۔
انسداد کورونا ویکسین کی دو خوراکوں کے درمیان 28 دنوں کا وقفہ کیا جاتا ہے جب کہ 18 برس یا زائد عمر کے افراد کو دو خوراکیں لینے کے چھ ماہ پورے ہونے پر اضافی یا بوسٹر ڈوز کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اور بیرون ملک سفر کرنے والے بھی ویکسین کی اضافی خوراک لے سکتے ہیں۔

شیئر: