Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سدیر میں 4 فیکٹریوں کا سنگ بنیاد، 2.1 ارب ریال کی سرمایہ کاری

کیربی فیکٹری دھاتی ڈھانچے اور دھاتی اشیا تیار کرے گی۔ (فوٹو ایس پی اْے)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے جمعے کو سدیر سٹی فار انڈسٹری اینڈ بزنسز میں 4 فیکٹریوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس میں سرمایہ کاری کا حجم 2.1 ارب ریال سے زیادہ ہے، صنعتی ترقیاتی فنڈ نے ایک ارب ریال  سے زیادہ کی فنڈنگ کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی وزیر صنعت نے جن فیکڑیوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں ’سدیر فارما کمپنی‘ کا انسولین پلانٹ، مرامی کمپنی فار فوڈز انڈسٹری فیکٹری،  بیت الشاورما کمپنی، کیربی کنٹریکٹنگ کمپنی فیکٹری شامل ہے۔ کیربی فیکٹری میٹل سٹرکچر اور اس کے سپیئرپارٹ تیار کرے گی۔
اس موقع پر وزیر صنعت بندر الخریف نے سدیر میں 40 ریڈی میڈ فیکٹریوں کے قیام کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔

سالانہ 15 ملین سے زیادہ انسولین تیار ہوں گی۔ (فوٹو وزارت صنعت و معدنیات)

نیشنل اکیڈمی فار انڈسٹری نے ’مدن‘ اور ’المجمعہ یونیورسٹی‘ کے ساتھ سہ فریقی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ۔ اس کے علاوہ مدن نے کویتی کمپنی ’کے ڈی ڈی‘ کے ساتھ  انڈسٹری اور بزنسز کے لیے ایک فیکٹری قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔
توقع ہے انسولین پلانٹ میں سالانہ 15 ملین سے زیادہ انسولین تیار ہوں گی جو اپنے پہلے سال میں 5 لاکھ مریضوں کی ضروریات پوری کریں گی۔
سدیر فارما سیوٹیکل کمپنی کا مقصد انسولین کی پیداوار کو مقامی  بنانا، سپلائی کے تسلسل کو بڑھانا اور درآمدات پر انحصار کو کم کرنا ہے۔ مملکت میں انسولین کے ضرورت مند مریضوں کی تعداد کا تخمینہ تقریبا 7 لاکھ لگایا گیا ہے۔
انسولین پلانٹ کا قیام مملکت میں سرکاری صحت کے شعبے کی انسولین کی 85 فیصد ضروریات کو مقامی بنانے کے فریم ورک میں آتا ہے،جس کی مالیت تقریبا 1.3 ارب ریال ہے۔
 سنوفی اور نوونورڈسک انسولین فراہم کرنے والی عالمی کمپنیاں  ہیں جو عالمی مارکیٹ کا تقریبا 60 سے 70 فیصد جبکہ سعودی مارکیٹ کا 90 فیصد کنٹرول رکھتی ہیں۔
واضح رہے  سعودی اتھارٹی فار انڈسٹریل سٹیز اینڈ ٹیکنالوجی زونز سے وابستہ سدیر سٹی فار انڈسٹری اینڈ بزنسز کا ڈویلپ ایریا 16.9 ملین مربع میٹر ہے اور اس میں 444 صنعتی، سرمایہ کاری اور لاجسٹک معاہدے شامل ہیں۔

 

شیئر: