ریاض: تعمیراتی سریا فروخت کرنے والے تاجر کے خلاف کارروائی
جمعرات 24 مارچ 2022 19:40
وزارت تجارت نے دھوکہ دہی پرمبنی کیس سیکیورٹی ادارے کے حوالے کردیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے دھوکہ دہی کے الزام پر ریاض میں سریے فروخت کرنے والی ایک کمپنی کے دفاتر سیل کر دیے ۔ کارروائی ریاض پولیس کے تعاون سے کی گئی ۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ کمپنی نے اپنے کسٹمرز کو سریا حوالے کرنے کی پابندی نہیں کی اور انہیں ان کی ادا شدہ رقم بھی واپس نہیں کی ۔
گاہکوں کی جانب سے شکایات اورثبوت سامنے آجانے پر کمپنی کے مالک کو قانونی کارروائی کےلیے گرفتار کر لیا گیا۔
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ کمپنی کے مالک پرالزام ہے کہ 166 سعودی شہریوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا مظاہرہ کیا ۔ وہ 1500 ٹن سعودی ساختہ سریوں کی قیمت تقریبا 7 لاکھ ریال ادا کر چکے تھے ۔
کمپنی انتظامیہ کی جانب سے انہیں تاثر دیاگیا کہ وہ مقامی شہریوں کو مارکیٹ قیمت سے کم پر سریہ فراہم کر رہی ہے ۔ کمپنی نے نہ تو سریہ فراہم کیا اور نہ ہی خریداروں کی جانب سے ادا شدہ رقم واپس کی ۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ کمپنی کے عہدیداروں کا معاملہ سیکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے کیونکہ یہ دھوکہ دہی کا کیس ہے جو فوجدار جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔