شہزادہ خالد الفیصل نے گرین مکہ انیشیٹو کا آغاز کردیا
شہزادہ خالد الفیصل نے گرین مکہ انیشیٹو کا آغاز کردیا
پیر 28 مارچ 2022 21:20
مکہ شہر، اس کی کمشنریوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری ہوگی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب گورنرمکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے ریجن کےلیے ایک بڑے ماحولیاتی پروگرام ( گرین مکہ انیشیٹو) کا آغاز کیا ہے۔
اس کا مقصد مکہ مکرمہ ریجن میں سبزہ زاروں کا رقبہ بڑھانا، قدرتی ماحول کا تحفظ اور بنجر زمینوں کو کاشت کے قابل بنانا ہے۔
گرین مکہ انیشیٹو کے تحت ماحولیاتی تحفظ کا شعور بیدار کیا جائے گا اور پانی کے ذرائع سے بھرپوراستفادہ کیا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد الفیصل نے جو مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین بھی ہیں گرین مکہ انیشیٹو کو کامیاب بنانے کےلیے مکہ اوراس کی کمشنریوں کے باشندوں کا تعاون حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
گرین مکہ انیشیٹیو مکہ مکرمہ ڈیوپلمنٹ اتھارٹی، متعلقہ اداروں اور فریقوں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ آئندہ تین برسوں کے دوران مکہ شہر، اس کی کمشنریوں اور مضافات میں بڑے پیمانے پر شجرکاری ہوگی۔
گرین مکہ انیشیٹیو سعودی وژن 2030 اور گرین سعودی عرب انیشیٹیو کا ایک حصہ ہے۔ ان کے تحت پورے ریجن میں بڑے پیمانے پر شجرکاری ہو گی۔ چراگاہوں کی بگڑی ہوئی صورتحال کو ٹھیک کیا جائے گا۔ وادیوں اور جنگلات کو فروغ دیا جائے گا۔
قومی سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ بارش کے پانی، جھیلوں اور ڈیمز سے ان کی آبپاشی ہوگی۔ گندے پانی سے استفادے کےلیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیے جائیں گے۔