عمرہ فورس کے سربراہ کا مسجد الحرام میں انتظامات کا جائزہ
عمرہ فورس کے سربراہ کا مسجد الحرام میں انتظامات کا جائزہ
جمعہ 1 اپریل 2022 12:17
عمرہ اسپیشل فورس کے سربراہ میجرجنرل عبداللہ البسامی نے رمضان المبارک کے حوالے سے مسجد الحرام میں انتظامی امور کا جائزلیا۔
سبق نیوز کے مطابق عمرہ فورس کے سربراہ نے مسجد الحرام کے اندرونی اور بیرونی صحنوں کے علاوہ راہداریوں میں امن وسلامتی کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی معائنہ کیا۔
میجرجنرل البسامی کو مسجد الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے اختیار کیے جانے والے امور سے آگاہ کیا گیا۔ ماہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کوفراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی تفصیلی طورپربتایا گیا۔
عمرہ سیکیورٹی فورس کے سربراہ نے حرم شریف کے لیے استعمال کی جانے والی عوامی ٹرانسپورٹ کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات حاصل کی اورجامع منصوبے پراپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
واضح رہے گزشتہ 2 برس سے کورونا وائرس کے باعث رمضان المبارک میں عمرہ سیزن انتہائی محدود پیمانے پرجاری تھا تاہم امسال کورونا وبا کے حوالے سے حالات بہترہونے کے بعد مسجد الحرام میں سماجی فاصلے کے پابندی ختم کرتے ہوئے مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ زائرین اور نماز باجماعت کےلیے لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی تمام اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا حتمی جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ عمرہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے