عمرے کےلیے اجازت نامے کے بغیر مکہ جانا خلاف قانون، 10 ہزار ریال جرمانہ
زائرین توکلنا یا اعتمرنا ایپ سے پرمٹ جاری کرائیں( فوٹوٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ’ عمرہ پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ جانا قانونی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے جس پردس ہزار ریال جرمانہ ہے‘۔
سبق نیوز نے محکمہ امن عامہ کے حوالے سے بتایا کہ’ مملکت کے مختلف شہروں سے ماہ رمضان میں عمرہ کےلیے آنے والوں کو چاہئے کہ وہ توکلنا یا اعتمرنا ایپ سے پرمٹ جاری کرائیں‘۔
’عمرہ پرمٹ توکلنا یا اعتمرنا ایپ سے جاری کیے جاتے ہیں۔ پرمٹ کے بغیرمسجد الحرام میں داخل ہونا ممکن نہیں ہے‘۔
دریں اثنا عمرہ سیکیورٹی فورس کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ’ ایسے افراد جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے آتے ہیں اور ان کے پاس پرمٹ نہیں ہوتا ان کے سربراہ خانہ جوکہ ان کا محرم ہے پرجرمانہ عائد کیاجاتا ہے‘۔
سیکیورٹی فورس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ’ عمرہ زائرین کے پرمٹ کی چیکنگ سمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے کی جارہی ہے تاکہ چیکنگ کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔
واضح رہے وزارت حج وعمرہ کی جانب سے توکلنا اور اعتمرنا ایپ پرمملکت کے مختلف شہروں سے عمرہ کےلیے آنے والوں کو خصوصی پرمٹ کے اجرا کا سلسلہ جاری ہے۔