Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کے داخلی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں، عمرے کے لیے اجازت نامے چیک

اجازت نامے کی شرط  پرسختی سےعمل درآمد کیا جارہا ہے( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں رمضان کے دوران مملکت کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین کی مکہ مکرمہ آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔  
دوبرس بعد اس سال رمضان میں مسجد الحرام میں مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ زائرین کی آمد کو بحال کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ کے تمام داخلی راستوں پرخصوصی چیک پوسٹوں پراضافی سیکیورٹی اہلکارتعینات ہیں جو عمرہ زائرین کے اجازت نامے چیک کرتے ہیں۔ 
اجازت نامے کے بغیر کوئی بھی عمرہ زائر مسجد الحرام میں داخل نہیں ہوسکتا۔ عمرہ پرمٹ کا مقصد زائرین کی تعداد کو منظم کرنا ہے تاکہ لوگ آرام سے عمرہ ادا کرسکیں اور کسی قسم کی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

مکہ مکرمہ کی مختلف چیک پوسٹوں کا سروے کیا گیا ہے( فوٹو سبق)

سبق نیوز کی جانب سے مکہ مکرمہ کی مختلف چیک پوسٹوں کا سروے کیا گیا جہاں سکیورٹی اہلکار آنے والوں کے اجازت نامے چیک کرنے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ 
کورونا وائرس کی وبا سے قبل رمضان میں مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے لازمی تھا کہ وہ اپنی گاڑیاں شہر کے باہر بنے کارپارکنگ لاٹس میں پارک کرنے کے بعد شٹل بس سروس کے ذریعے مسجد الحرام جائیں۔ 
شٹل بس سروس کا مقصد مسجد الحرام کے اطراف ٹریفک ازدحام پرقابو پانا ہے۔ مختلف شہروں سے آنے والے عمرہ زائرین اپنی گاڑیاں وہاں پارک کرنے کے بعد شٹل بس سروس کے ذریعے مسجد الحرام جاتے ہیں اورعمرہ ادا کرکے واپس بسوں کے ذریعے اپنی گاڑیوں تک پہنچ کرواپس اپنے شہروں کو روانہ ہوجاتے ہیں۔ 
ماہ رمضان میں احرام میں کوئی بھی شخص اپنی چھوٹی گاڑی کے ذریعے مکہ مکرمہ داخل نہیں ہوسکتا۔ اس سال احتیاطی تدابیر کے تحت عمرے کے اجازت نامے کی شرط ہے جس پرسختی سےعمل درآمد کیا جارہا ہے۔ 

شیئر: