Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن کی گلیوں میں سفید ہاتھی جو ’لوگوں تک اہم پیغام پہنچائے گا‘

ایکسٹنکشن ریبلین ماحولیات کی بہتری کے لیے سرگرم ایک عالمی تحریک ہے (فوٹو: ایکسٹنکشن ریبلین)
ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے سرگرم ایک تنظیم شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ایک سفید ہاتھی کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن روانہ کرے گی۔
برطانوی ویب سائٹ ’دِس از آکسفورڈ شائر‘ کے مطابق ایکسٹنشن ریبلین آکسفورڈ کے کارکن ’نیلائی‘ نامی سفید ہاتھی (جو دراصل ہاتھی کی ڈمی ہے) کو  11 اپریل کو برطانیہ کے دارالحکومت بھیجیں گے۔
یہ سرگرمی نو اپریل سے لندن میں بڑے پیمانے پر جاری اقدامات کی ایک کڑی ہے۔
یہ سفید ہاتھی ’نیلائی‘ کنگسٹن گارڈن میں البرٹ میموریل کے باہر رکھا جائے گا اور ماحولیاتی کارکن اسے لوگوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کے طور پر استعمال کریں گے۔
ایکسٹنکشن ریبلین آکسفورڈ کے ایک رکن کرسٹیان سلک کا کہنا ہے کہ ’تازہ ترین سائنسی معلومات واضح ہیں۔ اگر ہم اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کو جینے کے مناسب ماحول دینا چاہتے ہیں تو ہمیں 2030 تک گرین ہاؤس گیس کی اخراج کو نصف تک کم کرنا ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسا کرنا ممکن ہے لیکن حکومتیں ماحول کو بہتر بنانے والے جرأت مندانہ فیصلے کرنے میں ناکام ہیں۔‘
’میں اور میری اہلیہ بطور سائنس دان حکومتوں کے اس جانب متوجہ نہ ہونے کی وجہ سے بہت خوفزدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے دوستوں کے ساتھ گلیوں میں نکل آئے ہیں تاکہ ہم شہریوں کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز اور نئے مستقبل کی تخلیق کے بارے میں بات چیت کر سکیں۔‘
ایکسٹنکشن ریبلین ماحولیات کی بہتری کے لیے سرگرم ایک عالمی تحریک ہے جو ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے مختلف طرح کی مہمات چلاتی ہے۔

شیئر: