پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’اگر سابق وزیراعظم عمران خان نے کسی دوسرے ملک سے تحفے میں ملی گھڑی باہر بیچ دی تو اس میں جرم کیا ہے؟‘
مزید پڑھیں
-
پاکستان کے سرکاری توشہ خانہ سے کس نے کیا اور کیسے خریدا؟Node ID: 584741
جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے جواب میں مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’ابھی تک تو مجھے پتا نہیں ہے کہ وہ ریفر کیا کر رہے ہیں۔ مطلب وہ ریفر کر رہے ہیں کہ گھڑی جو باہر کے ملک نے تحفے میں دی، وہ وزیراعظم (عمران خان) نے حکومت سے خرید لی اور باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہوا؟‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آئی کہ (عمران خان) پر الزام ہے کیا؟ مطلب انہیں اعتراض ہے کیا؟ اگر آٹھ نو کروڑ روپے کی گھڑی ہو یا 10 کی ہو یا پانچ کی ہو یا دو کی ہے، اگر میری گھڑی ہے اور میں نے بیچ دی ہے تو اس پر تو کوئی اعتراض بنتا نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ مقامی میڈیا کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے سینیئر اینکر پرسنز سے افطاری کے بعد بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان نے تحفے میں ملی گھڑی فروخت کردی تھی۔‘
عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف بیچنے کا الزم، فواد چوہدری کا ردعمل سامنے آگیا@fawadchaudhry#GeoNews pic.twitter.com/o6dIibu88n
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) April 15, 2022
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ’شہباز شریف بہت کنفیوز ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ کیسے عمران خان پر کوئی الزام لگانا ہے۔ کبھی وہ کوئی کریکٹر لے آتے ہیں، کبھی گھڑی لے آتے ہیں، کبھی کچھ لے آتے ہیں۔ جتنا یہ عمران خان پر یہ کیچڑ اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں اتنے یہ خود گندے ہو رہے ہیں۔‘
توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ میں فروخت کیے گئے: مریم اورنگزیب
ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جمعے کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’چوروں اور لٹیروں نے توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ روپے میں فروخت کیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط ٹولہ چار سال عوام کو بے وقوف بناتا رہا، مسلسل جھوٹ بولے گئے۔ عمران خان کے کرائے کے ترجمانوں کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔
![](/sites/default/files/pictures/April/42951/2022/614b9646ba1dc.jpg)