عراق: ٹریفک حادثے میں نو اساتذہ سمیت 11 افراد ہلاک
گذشتہ برس عراق میں تقریباً ایک ہزار افراد ٹریفک حادثات کا شکار بنے (فوٹو: اے ایف پی)
عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک ٹریفک حادثے میں 9 اساتذہ سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے متاثرین افطار سے واپس آرہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔
حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث نصف شب کو پیش آیا جب ان کی منی بس مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرائی۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ افراد کربلا سے منی بس کے ذریعے واپس آرہے تھے۔
تنازعات، غفلت اور بدعنوانی کی وجہ سے تیل کی دولت سے مالامال ملک کی سڑکوں اور رابطہ پلوں سمیت بنیادی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے ہیں جبکہ رات کو اندھیرے کی وجہ سے بھی سڑکیں صحیح نظر نہیں آتیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی آئی این اے کے مطابق گذشتہ ہفتے محکمہ ٹریفک کے سینیئر اہلکار طارق اسماعیل نے کہا تھا کہ ’ٹریفک حادثات کی تعداد میں اضافہ نہیں رک رہا۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہم جنگ میں ہوں۔‘
انہوں نے رفتار کی حد کا خیال نہ رکھنے، دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعمال اور منشیات اور شراب نوشی کے زیر اثر گاڑی چلانے کو ٹریفک حادثات کا موردالزام ٹھہرایا۔
محکمہ ٹریفک کے حکام کے مطابق گذشتہ برس عراق میں تقریباً ایک ہزار افراد ٹریفک حادثات کا شکار بنے۔