Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تباہ شدہ یوکرین میں ’ڈانس‘ کرنے والی انڈین رپورٹر کون ہے؟

اپنے منفرد انداز کے سبب شازیہ نثار کو سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سامنا بھی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
رواں سال فروری میں روس کے یوکرین میں ’سپیشل ملٹری آپریشن‘ کرنے کے اعلان اور جنگ کی شروعات کے بعد دنیا بھر کے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے رپورٹر یوکرین کا رخ کررہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس جنگ میں اب تک 46 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ 1 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد دربدد ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر کے اخبارات اور ٹی وی چینلز اپنے رپورٹرز کے ذریعے اس جنگ کی تباہ کاریوں کے حوالے سے لوگوں کو معلومات فراہم کررہے ہیں۔
ان صحافیوں میں ایک انڈین رپورٹر ایسی بھی ہیں جو اپنے رپورٹنگ کے انوکھے انداز کی وجہ سے دنیا کے تمام رپورٹرز میں منفرد نظر آتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں یہ خاتون رپورٹر ہندی زبان میں یوکرین سے خبر دے رہی ہیں کہ روس نے یوکرین کا دورہ کرنے والے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر پابندی عائد کردی ہے۔
اس خبر کو دنیا کے تمام ہی چھوٹے بڑے میڈیا آؤٹ لیٹس نے رپورٹ کیا ہوگا لیکن کسی بھی ادارے کے رپورٹر کا انداز انڈین رپورٹر جیسا نہیں ہوسکتا۔ ایسا انداز کہ کوئی بھی سوچ میں پڑجائے کہ یہ رپورٹنگ ہورہی ہے یا رقص۔
شاید یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر صارف اجے شیراوت ٹوئٹر پر یہ پوچھنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ ’ریپر‘ ہیں یا ’نیوز رپورٹر‘؟
ان خاتون رپورٹر کی رپورٹنگ کے چرچے صرف انڈیا میں ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی سنائی دیے۔
پاکستانی اینکرپرسن اجمل جامی نے فیس بک پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’کیا آپ بور ہورہے ہیں یا تھکن محسوس کررہے ہیں؟ انڈین صحافت کے اس شاہکار کو دیکھیں۔‘
سوشل میڈیا پر شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی رپورٹر کا نام شازیہ نثار ہے اور یہ انڈین ٹی وی چینل ’ریپبلک بھارت‘ میں بحیثیت اینکرپرسن کام کرتی ہیں۔
پچھلے ہفتے جنگ کے دوران روسی بحری جہاز کے تباہ ہوجانے کی خبر بھی شازیہ نثار نے اپنے ناظرین کو ایسے ہی اچھوتے انداز میں سنائی تھی۔
وہ اپنے ناظرین کو بتارہی تھیں کہ ’دیکھیے کس طریقے سے اس کالا ساگر (بلیک سی) میں یوکرین نے روس کے جنگی جہاز کو ڈبو دیا۔‘
ان کی ٹوئٹر پروفائل پر نظر دوڑائی جائے تو کبھی وہ کسی تباہ شدہ جنگی ٹینک کے اوپر کھڑی نظر آتی ہیں تو کبھی تباہ شدہ عمارتوں کے بیچ کھڑی نظر آتی ہیں۔
اپنے منفرد انداز کے سبب شازیہ نثار کو سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سامنا بھی ہے۔
ٹوئٹر پر موجود ایک میم میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کو ایک کرسی پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے اور سامنے لگے ٹی وی پر شازیہ نثار رپورٹنگ کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔
انہیں ان کے انداز کے سبب کئی ٹوئٹر صارفین نے ’ڈانسنگ رپورٹر‘ کے لقب سے بھی نواز دیا ہے۔

شیئر: