Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ، اجے دیوگن اور اکشے کمار سوشل میڈیا پر ’گٹکا گینگ‘ کیوں کہلا رہے ہیں؟

ومل الائچی بنانے والی کمپنی تمباکو اور گٹکا بھی بناتی ہے۔ (تصویر: سکرین گریب)
انڈین فلم انڈسٹری کے تین بڑے اداکار اس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں اور اس کی ایک پان مسالے کا اشتہار وجہ بنا ہے۔
سولہ اپریل کو یوٹیوب پر ریلیز ہونے والا اشتہار دراصل ’ومل الائچی‘ کا ہے اور یہ کمپنی تمباکو سے گٹکا بھی تیار کرتی ہے۔
اس نئے اشتہار میں بالی وڈ کے تین بڑے اداکار شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن ساتھ نظر آئے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین کو ان اداکاروں کا ایک گٹکے کی کمپنی کا ’ایمبیسیڈر‘ بننا پسند نہیں آیا۔
صارفین کی ناراضی اس قدر ہے کہ وہ اکشے کمار کو ’گٹکا کمار‘، اجے دیوگن کو ’گٹکا دیوگن‘ اور شاہ رخ خان کو ’گٹکا خان‘ کے نام سے پکار رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان تینوں اداکاروں کو بالی وڈ کے ’گٹکا گینگ‘ کا لقب بھی دے دیا گیا ہے۔

بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار وہ اداکار ہیں جن پر معاملے کے تناظر میں سب سے زیادہ تنقید ہورہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ماضی میں ایک ایونٹ کے دوران کہہ چکے ہیں کہ انہیں بڑی بڑی گٹکا کمپنیوں کی جانب سے اشتہارات کرنے کی پیشکس ہوتی ہے لیکن وہ انکار کر دیتے ہیں۔
شاید یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر پر گردش کرنے والی زیادہ تر میمز بھی اکشے کمار پر بنائی گئی ہیں۔
ایک میم میں اکشے کمار سے منسوب کر کے یہ لکھا گیا کہ ’ہیرو گیری پھو پھو کرنے میں نہیں، تھو تھو کرنے میں ہے۔‘

ایک اور میم میں اکشے کمار کسی کو بتا رہے ہیں کہ ’اور نندو سگریٹ چھوڑ اور ومل کھا۔‘

اکشے کمار خود پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے پرستاروں سے اس اشتہار میں کام کرنے پر معافی بھی مانگ چکے ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے تمام پرستاروں اور خیرخواہوں سے معافی چاہتا ہوں۔ پچھلے کچھ دنوں میں آپ کے ردعمل نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’حالانکہ میں نے کسی تمباکو کی نہ توثیق کی ہے نہ کروں گا، پھر بھی میں ومل الائچی کے ساتھ اپنے تعلق پر آپ کے جذبات کا احترام کرتا ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس اشتہار کی مد میں ملنے والے پیسے کو کسی اچھے مقصد کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’بدلے میں ہمیشہ آپ کی محبت اور دعاؤں کا طلب گار رہوں گا۔‘

شیئر: