’فراری‘ نے چین سے اپنی 2 ہزار سے زائد گاڑیاں واپس کیوں منگوا لیں؟
ایس اے ایم آر نے کہا ہے کہ ان گاڑیوں میں بریک لگانے کی کارکردگی کم ہونے یا بریک فیل ہونے کا امکان موجود تھا (فوٹو: روئٹرز)
لگژری گاڑیاں بنانے والی اطالوی کمپنی ’فراری‘ نے ممکنہ بریک کے مسائل پر چین سے اپنی دو ہزار سے زائد گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن (ایس اے ایم آر) کے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بریک آئل کی لیکیج کے مسئلے پر دو ہزار 222 گاڑیوں کو واپس بلایا گیا ہے۔
کمپنی کی سالانہ رپورٹ کی بنیاد پر یہ اعداد و شمار گزشتہ تین سالوں میں مین لینڈ چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں فراری کی فروخت ہونے والی کاروں کی تقریباً کل تعداد ہے۔
ایس اے ایم آر نے کہا ہے کہ ان گاڑیوں میں بریک لگانے کی کارکردگی کم ہونے یا بریک فیل ہونے کا امکان موجود تھا۔
ریگولیٹر نے جمعے کو بیان میں کہا ہے کہ واپسی میں درآمد شدہ 458 اٹلی، 458 سپیشل، 458 سپیشل اے، 458 سپائیڈر، 488 جی ٹی بی اور 488 سپائیڈر سیریز کی کاروں کا ایک حصہ شامل ہے جو 2 مارچ 2010 سے 12 مارچ 2019 کے درمیان بنائی گئی تھیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کو احتیاط کے ساتھ چلایا جانا چاہیے اور اگر بریک فلوئڈ لیول کی کم وارننگ لائٹ نظر آتی ہے تو انہیں فوری طور پر روک دیا جانا چاہیے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان گاڑیوں کے جن پُرزوں میں مسئلہ ہوگا انہیں مفت تبدیل کیا جائے گا۔
ریاستی مارکیٹ ریگولیٹر نے رواں ماہ امریکی الیکٹرک کار کمپنی ٹیسلا کی چین سے تقریباً 128,000 گاڑیوں کو اس خرابی پر واپس بلانے کا بھی اعلان کیا جس سے گاڑیوں کے تصادم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔