پاکستان میں کیوبا کے سفیر جیویئر کیرو نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کے اپنے ملک سے متعلق ایک بیان کو تضحیک آمیز قرار دیا ہے۔
اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے تھے۔
پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق احسن اقبال نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو کیوبا یا شمالی کوریا نہیں بننے دینا چاہتے۔
مزید پڑھیں
-
پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر ضمنی الیکشن لڑیں گے: احسن اقبالNode ID: 531106
-
اوورسیز پاکستانی ہمارے حلقوں میں ووٹ نہیں دے سکتے: احسن اقبالNode ID: 573531
انہوں نے کہا تھا کہ ’ہمیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جیسے ملیشیا، ترکی، چین اور جنوبی کوریا۔‘
احسن اقبال نے ڈان اخبار میں چھپنے والا اپنا بیان ایک ٹویٹ کے ذریعے شیئر بھی کیا۔ اس ٹویٹ کو قوٹ کرتے ہوئے کیوبا کے پاکستان میں سفیر جیویئر کیرو نے لکھا ’خوش قسمتی سے احسن اقبال کی لاہور میں پریس کانفرنس میں کیوبا کا تضحیک آمیز ذکر پاکستانیوں کی کیوبا کے لیے اصل احترام اور گہری انسیت کی نمائندگی نہیں کرتا۔‘
Fortunately, Minister Ahsan Iqbal's (@betterpakistan) disrespectful mention of Cuba in his press conference in Lahore does not represent and has nothing to do with Pakistanis' true respect and deep affection for Cuba. https://t.co/7LrB6u453k
— Zéner Caro (@ZenerCaro) April 25, 2022
کیوبا کے سفیر کے شکوے کے بعد احسن اقبال نے ایک ٹویٹ میں انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کیوبا کے لوگوں اور کیوبا سے اپنے دوستانہ تعلقات کا احترام کرتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان میں 2005 کے زلزلے کے بعد کیوبن ڈاکٹروں کا شاندار کردار بھلا نہیں سکتے۔‘
اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیان خارجہ پالیسی کے تناظر میں تھا۔
Excellency! We have deep respect for the people of Cuba & our deep affectionate relations with Cuba. We can’t forget how Cuban doctors played heroic role in after math of 2005 earthquake in Pakistan. My remarks were only in the context of foreign policy.@ZenerCaro https://t.co/4GVQiqdVPY
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) April 25, 2022
دیگر ٹوئٹر صارفین بھی احسن اقبال کے کیوبا سے متعلق اس بیان پر خفا نظر آئے۔
انگریزی اخبار دی نیوز سے منسلک صحافی زیب النساء برکی نے لکھا ’برائے مہربانی کوئی وزیر احسن اقبال کو کیوبا کی تاریخ کے بارے میں بتائے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ کیوبا شمالی کوریا جیسا ہے۔‘
Someone pls explain the basic history of Cuba to Minister Ahsan Iqbal. He seems to think Cuba = North Korea.
— Zebunnisa Burki (@zburki) April 25, 2022
انسانی حقوق کے کارکن اور بائیں بازو کے سیاستدان عمار علی جان نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیوبا مزاحمت اور یکجہتی کی نشانی ہے۔‘
انہوں نے احسن اقبال کو یاد دلایا کہ ’ہمارے ملک میں سفارتخانہ نہ ہونے کے باوجود کیوبا وہ واحد ملک تھا جس نے 2005 کے زلزلے کے بعد ڈاکٹرز بھیجنے کی پیشکش کی تھی۔‘
عمار علی جان نے مزید لکھا ’پچھلے برس کیوبا نے ہمیں مفت ویکسین کی بھی پیشکش کی تھی۔ احسن اقبال کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔‘
Cuba is a symbol of resistance & solidarity. Despite not having an embassy in the country, Cuba was the first nation that offered doctors to Pakistan after the earthquake in 2005. Last year it offered us free vaccines. @betterpakistan should apologize for his comments. https://t.co/tj1gLwp7C4
— Ammar Ali Jan (@ammaralijan) April 25, 2022
وزیراعظم عمران خان کی سابقہ حکومت میں انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے ایک ٹوئٹر بیان میں لکھا کہ احسن اقبال کو کیوبا جیسے دوست ملک کی تضحیک کرنے پر شرم آنی چاہیے۔