Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ یورپ: دوسرے ہاکی میچ میں نیدرلینڈز کی پاکستان کو شکست

پاکستان نے 26 اپریل کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنا پہلا میچ جیتا تھا (فوٹو: پاکستان ہاکی فیڈریشن)
دورہ یورپ کے دوران دوسرے ہاکی میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق بدھ کو پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلا۔
میچ کے آغاز میں پاکستان کی جانب سے عبدالمنان نے شاٹ کارنر کی مدد سے گول کیا، جس کو نیدرلینڈز نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ہی گول کر کے برابر کردیا۔
بعد ازاں دوسرے ہاف کے تیسرے کوارٹر میں نیدرلینڈز نے ایک اور گول کر کے میچ میں ایک کے مقابلے میں دو گولز کی برتری حاصل کرلی، جبکہ چوتھے کوارٹر میں نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے مزید دو گول کردیے اور یوں میچ کا مقررہ وقت ختم ہونے پر میچ ایک کے مقابلے میں چار گولز سے جیت لیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم 28 اپریل کو بیلجیئم میں پریکٹس سیشن کرے گی جبکہ 29 اپریل کو بیلجیئم کے ساتھ تیسرا میچ کھیلے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 26 اپریل کو دورے کا آغاز اہم کامیابی سے کیا تھا اور پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے شروع میں ہی اعجاز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم اس کے تھوڑی دیر بعد ہی نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے دو گول کیے اور ایک گول کی برتری حاصل کی، تاہم تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے مزید چار گول کیے  اور یوں میچ تین کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے رضوان نے ہیٹرک کرتے ہوئے تین گول کیے جبکہ اعجاز اور مبشر نے ایک ایک گول کیا تھا۔

شیئر: