Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشین میں ماں اور اس کے چار بچے بے دردی سے قتل

حکام کے مطابق واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہے (فائل فوٹو: فری پکس)
بلوچستان کے ضلع پشین میں ایک گھر میں ماں اور اس کے چار بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
واقعہ اتوار کی صبح کوئٹہ سے متصل پشین کے علاقے بوستان میں پیش آیا ہے۔
علاقے کے لیویز انچارج بشیر احمد آغا نے اردو نیوز کو بتایا کہ مرنے والوں کا تعلق ایک افغان خاندان سے ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’ہلاک افراد کی شناخت 13 سالہ سلیمان، 11 سالہ صائمہ، 10 سالہ عنایت، چھ سالہ بی بی شاہدہ اور ان کی ماں بی بی گل سکہ کے نام سے ہوئی ہے۔‘  
لاشیں کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال لائی گئیں جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ چار افراد کو تیز دھار آلہ سے جبکہ ایک کو گلہ دبا کر قتل کیا گیا ہے۔  
بوستان لیویز کے انچارج بشیر احمد نے مزید بتایا کہ بچوں کے والد نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، دوسری بیوی اور ایک کمسن بچہ بھی وقوعہ کے وقت گھر پر موجود تھا تاہم وہ محفوظ رہے۔ 
بشیر احمد آغا کے مطابق بچوں کے والد پک اپ ڈرائیور ہیں اور انہوں نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ وہ گھر میں موجود نہیں تھے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم لیویز نے مقتولہ خاتون کے شوہر کی دوسری بیوی کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: