بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کا وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد کا فون
وزیراعظم نے کہا کہ وہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بدھ کو شہبازشریف کو ٹیلی فون کرکے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دے دی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کے بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور گہرے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرین کی جانب سے عالمی وبا کے خلاف کامیاب اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی قیادت کی جانب سے پاکستانی تارکین وطن کی دیکھ بھال کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اور ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز ہسپتال کے منصوبے کا بھی خیرمقدم کیا جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ بحرین خلیجی خطے میں پاکستانیوں کی بڑی آبادی کا گھر ہے۔
پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ عقیدے اور اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قریبی اور خوش گوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔
سنہ 2021 میں پاکستان اور بحرین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل ہوئے تھے۔