گزشتہ ایک روز میں کورونا کے 128 کیسز کی تصدیق ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں گزشتہ روز سے کورونا کے کیسز میں اچانک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف ریجنز کورونا کے مزید 128 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
سبق نیوز نے وزارت صحت کے حوالے سے کورونا کے اعداد وشمار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 120 رہی جس کے ساتھ اب تک مجموعی طورپر کورونا سے 7 لاکھ 41 ہزار 906 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اب تک مجموعی طورپراس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار 93 تک پہنچ گئی۔
مملکت کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں میں سے 49 کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
واضح رہے مملکت میں کورونا سے بچاو کے لیے ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے اب تک سعودی وزارت صحت کے زیر انتظام کورونا ویکسینیشن سینٹرز کے ذریعے 6 کروڑ 43لاکھ 31 ہزار 772 ویکسین کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جن میں بوسٹرڈوز بھی شامل ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے بوسٹرڈوز کی دوسری خوراک کے لیے 50 برس اور اس سے زائد عمر کے لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اگر چاہئیں تو بوسٹرڈوز کی دوسری خوراک لگوا سکتے ہیں جس کے لیے توکلنا ایپ پرپیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہے۔