Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مردم شماری کا دوسرا مرحلہ آج سے، اندراج کا طریقہ کار کیا؟

مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 15جون تک جاری رہے گا۔ ( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں منگل 10مئی 2022 سے مردم شماری کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جو 15جون تک جاری رہے گا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور مکانات کی تعداد شمار کرنے کا مقصد سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے فیصلہ سازوں کو مختلف پروگراموں اور سکیموں کی تیاری میں مدد دینا ہے۔ 
مردم شماری کے سلسلے میں تین طریقے استعمال کیے جائیں گے۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ افراد اور خاندان خود سے متعلق مطلوبہ معلومات شہروں میں موجود شاپنگ سینٹرز میں قائم کاؤنٹرز پر وزٹ کرکے درج کرائیں۔ یہ کام وہ اپنے طور پر کرلیں۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ مردم شماری سے متعلق ای گیٹ پر جا کر معلومات کا اندراج کرایا جائے۔ مشترکہ قومی پلیٹ فارم یا محکمہ شماریات کے ای گیٹ تک رسائی  کے لیے مکانات پر چسپاں نمبر استعمال کیا جائے۔ 
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ مردم شماری کے لیے تعینات اہلکاروں کا انتظار کیا جائے اور ان کے تعاون سے مردم و مکان شماری فارم پر کرایا جائے۔ اس کے لیے قومی شناختی کارڈ یا خاندان کا تعارفی ریکارڈ یا اقامہ طلب کیا جائے گا۔ 
علاوہ ازیں سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ’ مردم شماری 2022 میں ہر شہری اور مقیم غیرملکی کے کوائف صیغہ راز میں رکھے جائیں گے‘۔
شماریات کے قانون کے بموجب کسی بھی فرد سے حاصل شدہ معلومات کسی بھی شکل میں غیر متعلقہ فرد یا ادارے کو نہیں دی جا سکتیں۔ نام، موبائل نمبر، نجی پتہ، ماہانہ آمدنی یہ معلومات ہر ایک سے لی جائیں گی اور انہیں صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔ 
محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ ’جو سعودی شہری یا مقیم غیرملکی مردم و مکان شماری سے متعلق استفسارات کرنا چاہتے ہوں وہ رابطہ سینٹر پر کال کرکے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔‘
محکمہ شماریات کے مطابق ’مردم شماری مہم کے تحت 50 سوالات کیے جائیں گے۔ ان میں رہائش کی نوعیت، ملکیت یا کرایے، کمروں کی تعداد، صحت، تعلیمی معیار، کتنی اور کونسی زبانیں جانتے ہیں۔ آمدنی کیا ہے؟ مکان میں رہنے والے افراد کی تعداد وغیرہ دریافت کی جائے گی۔‘

شیئر: