Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرمی کی شدید لہر سے کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

مکہ اور مدینہ ریجنوں میں درجہ حرارت 46 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوگا(فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’جمعے سے پیر تک مملکت کے بیشترعلاقوں میں گرمی کی شدید لہر آنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’گرمی کی لہر جمعے 13 مئی سے شروع ہوگی اورآئندہ  پیر تک جاری رہے گی‘۔ 
قومی مرکز نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لو سے بچنے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پابندی کریں۔ موسمی تبدیلیوں سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے قومی مرکز کی ویب سائٹ سے رابطے میں رہیں۔ 
الاخباریہ چینل کے پروگرام ’نشرۃ النھار‘ سے گفتگو کرتے ہوئے موسمیات کے قومی مرکز کے ماہرعقیل العقیل نے کہا کہ ’جمعے سے پیر تک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں درجہ حرارت 46 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوگا۔ ساحلی مقامات کا درجہ حرارت بھی یہی رہے گا۔‘ 
انہوں نے کہا کہ’ مشرق کی جانب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی جن سے درجہ حرارت بڑھے گا۔‘ 
ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ ’مملکت کے شمالی علاقے بھی سخت گرمی سے متاثر ہوں گے۔ جزیرہ عرب کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھا ہوا رہے گا۔ شمال سے گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ شمال مشرقی علاقوں، حدود شمالیہ کے بعض مقامات میں گرج چمک کے ساتھ آندھیاں چلیں گی۔ یہاں سے ریاض، قصیم اور حائل کا رخ کریں گی۔ ہفتے کے آخر تک نجران تک پہنچ جائیں گی۔‘

شیئر: