سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان ثقافتی روابط کا نیا باب
سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان ثقافتی روابط کا نیا باب
جمعرات 12 مئی 2022 8:01
پہلی انڈین فلم ’کالا‘ سال 2018 میں سعودی عرب میں ریلیز ہوئی تھی۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے اس نئے دور میں سینما اور تفریحی صنعت بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے انڈیا کی اربوں ڈالر کی فلم انڈسٹری بالی وڈ کو مملکت آنے کی دعوت دی ہے کہ وہ تفریحی شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقعوں کا فائدہ اٹھائیں۔
سعودی عرب میں بڑی تعداد میں مقیم انڈین کمیونٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈیا کے ساتھ شراکت داری قدرتی طور پر ممکن ہے بالخصوص ایسے موقع پر جب سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تیل پر انحصار کم کرتے ہوئے معیشت میں تنوع پیدا کیا جائے۔
سعودی ویژن 2030 کے تحت حکومت کی کوشش ہے کہ ثقافتی اور تفریحی شعبوں میں اخراجات کو 2.9 سے 6 فیصد تک بڑھایا جائے۔
اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے سعودی حکومت نے فلم انڈسٹری کے لیے فراخدلی کے ساتھ بجٹ مختص کیا ہے جبکہ ملک بھر میں نئے سینما کھلنے کے علاوہ کنسرٹ، کھیلوں اور دیگر سہولیات کے لیے نئے مقامات بھی کھولے گئے ہیں۔
انڈیا کے ساتھ طویل سفارتی اور تجارتی تعلقات کے بعد سعودی حکومت کا مقصد ہے کہ بالی وڈ کے ساتھ بھی ایسے روابط قائم کیے جائیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔
بالی وڈ کے ساتھ موجودہ اشتراک کے نتیجے میں سعودی عرب میں دکھائی جانے والی انڈین فلموں میں اضافہ ہوا ہے۔
پہلی انڈین فلم ’کالا‘ تھی جو سال 2018 میں سعودی عرب میں ریلیز ہوئی جبکہ بحیرہ احمر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2021 میں بالی وڈ فلم ’83 ‘ دکھائی گئی تھی۔
فلم کمیشن کے چیئر مین شہزادہ بدر نے اپریل میں وفد کے ہمراہ انڈیا کا دورہ کیا تھا تاکہ ثقافتی شعبوں بالخصوص فلم انڈسٹری میں شراکت داری کو مزید وسیع کیا جائے۔
وفد میں العلا فلم کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور اکشے کمار کے علاوہ دیگر بالی وڈ اداکاراؤں سے ملاقاتیں کیں۔
فلم کمیشن کے سربراہ عبداللہ العیاف نے عرب نیوز کو بتایا کہ دنیا بھر میں انڈین فلم انڈسٹری سب سے زیادہ کامیاب ہے اور انڈیا کے دورے کے دوران شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔
’ہماری اپنی فلم انڈسٹری کا شمار مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں تیزی سے ترقی کرنے والی انڈسٹری میں ہوتا ہے۔ ہم بالی وڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور سعودی عرب میں موجود انڈین پروڈکشنز اور کاروباروں کے لیے نئے مواقع متعارف کروا سکتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کی انڈیا کے ساتھ تعلقات بڑھتے رہیں گے بالخصوص ایسے موقع پر جب سعودی فلم سیکٹر ملکی اور بیرونی سطح پر نئی کامیابیوں کو چھو رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ دسمبر میں جدہ میں منعقد ہونے والے بحیرہ احمر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول بال سٹارز رنویر سنگھ اور دیپیکا پاڈوکون نے بھی شرکت کی تھی۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے رنویر سنگھ نے کہا تھا ’مجھے یہاں آنے پر بے حد خوشی ہے۔ میں پہلی مرتبہ سعودی عرب آیا ہوں۔ مجھے ہمیشہ سے ہی سعودی عرب کا کلچر دلکش لگتا تھا۔‘