جدہ سیزن، وزارت سیاحت کے تمام تفریحی و ثقافتی پروگرام معطل
جمعہ 13 سے پیر 16 مئی 2022 تک تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت ثقافت، وزارت سیاحت اور جدہ سیزن نے جمعہ 13 سے پیر 16 مئی 2022 تک اپنے تمام تفریحی پروگرام اور ثقافتی و سیاحتی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ یہ فیصلہ امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر سوگ میں کیا گیا ہے۔
اخبار24 کے مطابق وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ ثقافتی پروگراموں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جو شائقین پروگراموں کے ٹکٹ خرید چکے ہیں اور وہ ٹکٹ کی قیمت واپس لینا چاہتے ہیں تو انہیں ان کے ٹکٹوں کی قیمت واپس کی جائے گی۔ جلد اس کا طریقہ کارجاری کردیا جائے گا۔
محکمہ تفریحات نے بیان میں کہا کہ’ جمعے سے پیر تک مملکت کے تمام علاقوں میں تفریحی شو اور پروگرام بند کردیے گئے ہیں‘۔
دوسری طرف وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ ’معطل کیے جانے والے پروگراموں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔ تمام پروگرام شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات کی وجہ سے معطل کیے گئے ہیں‘۔
جدہ سیزن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بیان میں کہا ہے کہ’ اماراتی صدر کی وفات پر تمام پروگرام 4 دن کے لیے معطل کردیے گئے ہیں۔ جمعے سے پیر تک ہونے والے پروگراموں کا اعلان بعد میں ہوگا‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں